کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے بعد ژالہ باری نے تباہی مچادی، محکمہ موسمیات نے طاقتور مغربی سسٹم سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں اور مختلف حادثات میں اب تک کئی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قلات، خصدار، زیارت اور بارکھان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مغربی سسٹم کے باعث خضدار، لورالائی، موسیٰ خیل، شیرانی، مکران، لسبیلہ اور کوہ سلیمان رینج میں شدید بارش کا امکان ہے۔
ژوب، بارکھان، کوہلو، تربت اور چاغی سمیت پاک ایران سرحدی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارش سے سیلابی صورتحال اور شاہراہیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان میں ایک اور طاقتور مغربی سسٹم سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سیلابی صورتحال سے متعلق الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔