اسلام ایک خوبصورت مذہب ہے جس میں داخل ہونے کے لیے اللّٰہ نے اپنے بندوں کیلیئے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے ہیں، جب جس کو ہدایت مل جائے تب وہ اس میں داخل ہوسکتا ہے اپنی پرانی زندگی کو پیچھے چھوڑ کر۔ اور یہاں آنے والوں کا کھلے دل سے استقبال ہوتا ہے پھر چاہے وہ کسی بھی رنگ نسل کا کیوں نہ ہو۔
حال ہی میں مشہورِ زمانہ "ون فلائی ویٹ موئے" فائٹر روڈتانگ جیتموانگن جنہیں "آئرن مین" کے نام بھی جانا جاتا ہے، جو تھائی ورلڈ چیمپیئن بھی ہیں۔ انہوں نے اپنی مسلم گرل فرینڈ ایڈا لکسائیکونگڈن جو کہ 'موئے' تھائی کھلاڑی ہیں، سے شادی کرنے کے لیے اسلام قبول کر لیا ہے۔
انہوں نے گزشتہ ہفتے تھائی لینڈ میں ایک روایتی مسلم نکاح میں اپنی ساتھی فائٹر سے شادی کی۔ تھائی کھلاڑی نے انسٹاگرام پر لائیو ویڈیو میں اعلان کیا کہ، انہوں نے شہادت لے لی ہے اور شادی کے بعد کل وقتی مسلمان بن گئے ہیں۔
جیتموانگن نے تین دن قبل ایک انسٹاگرام لائیو ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں وہ ایک مترجم کے ساتھ نظر آئے تھے، جس نے تصدیق کی کہ موئے تھائی بادشاہ اب مسلمان ہے۔
انسٹاگرام لائیو نشریات کے دوران، ان کے ایک مداح نے اس پیشرفت کی تصدیق چاہی اور ان سے پوچھا کہ، کیا اب آپ مسلمان ہیں؟ مداح کے سوال پر روڈتانگ نے جواب دیا، "ہاں! الحمدللہ"۔ جس پر ان کے مترجم نے مزید تصدیق کی اور کہا، ہم اسے بھائی بناتے ہیں، وہ اب مسلمان ہے۔
رپورٹس کے مطابق 25 سالہ روڈتانگ جیتموانگن کو صرف ایک ماہ قبل بدھ راہب کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ دو ہفتوں تک ایک خانقاہ میں بھی شامل ہوئے تھے اور جنوری 2023 میں ایک روایتی تقریب میں اپنا سر بھی منڈوایا تھا۔
انہوں نے گزشتہ ماہ انسٹاگرام پر ویڈیوز بھی پوسٹ کی تھیں جس میں وہ بدھ راہب کے لباس میں نظر آئے تھے۔
اس دوران ان کے مداحوں نے انہیں اپنے ساتھی فائٹر کے ساتھ شادی کی مبارکباد دی اور انہیں اسلام قبول کرنے پر خیر مقدم بھی کیا۔