کھانا پکانا مشرقی خواتین کا شوق تو ہوتا ہی ہے لیکن یہ شوق ایک کارآمد ہنر بھی ہے جس کے ذریعے نہ صرف ہزاروں، لاکھوں کمائے جاسکتے ہیں بلکہ شہرت کما کر زندگی بھی بدلی جاسکتی ہے۔ جیسا کہ نائجیریا سے تعلق رکھنے والی اس ماہر شیف نے کیا۔
ہلدا باچی نائجیرین باورچی ہیں جنھوں نے پچھلے ہفتے مسلسل 100 گھنٹوں تک کھانا پکانے کا دلچسپ ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ہلدا نے جمعرات کے دن سے کھانا پکانا شروع کیا اور پیر کے دن تک کھانا پکایا۔
ہلدا نے کیا کہا؟
اس دوران ہلدا اکیلی تھیں بلکہ میڈیا اور ان کے دوست اور ساتھی ان کے ساتھ موجود تھے اور گانے گا کر ان کی ہمت بندھاتے تھے۔ ورلڈ ریکارڈ بنانے والی ہلدا کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کو یہ بتانا چاہتی تھیں کہ نوجوان نسل کتنی محنتی ہے اور میں نائجیرین خواتین کے لئے فلاحی کیمپئین بھی چلانا چاہتی ہوں۔ میرا ورلڈ ریکارڈ اس کام میں میری مدد کرے گا۔
کون سے مزیدار کھانے پکائے؟
اس موقع پر ہلدا باچی نے کئی طرح کے نائیجرین روایتی کھانے پکائے جن میں سوپ اور سٹیو کے علاوہ جولوف رائس بھی شامل تھے۔ ہلدا ہر گھنٹے کے بعد 5 منٹ کا وقفہ اور 12 گھنٹوں میں ایک گھنٹے کا وقفہ لیتی تھیں۔ اسی دوران وہ نہاتی بھی تھیں اور اپنا طبی معائنہ بھی کرواتی تھیں۔
اس سے پہلے یہ ٹائٹل کس کے پاس تھا؟
اس سے پہلے یہ دلچسپ ٹائٹل بھارت سے تعلق رکھنے والی لتا ٹنڈن کے پاس تھا جنھوں نے 2019 میں 87 گھنٹوں اور 45 منٹس مستقل کھانا پکا کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔