اسپین: 1938میں سر میں گولی لگنے کی وجہ سے الٹا دیکھنے والے شخص کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تفصیلات برسوں بعد اب سامنے آنے لگیں۔
سائنسدانوں نے واقعہ کی تفصیلات شائع کی ہیں جس میں ایک شخص کے سر پر گولی لگی تھی اور اسے عام منظر دائیں سے بائیں اور اوپر سے نیچے الٹے دکھائی دیتے تھے۔مریض کو ’پیشنٹ ایم‘ کا نام دیا تھا جو1938 میں اسپین کی خانہ جنگی کے دوران گولی سے زخمی ہوا تھا۔
گولی سر کے پچھلے حصے پر لگی تھی اور چند انچ دوری کے بعد باہر نکل گئی تھی تاہم صحت یاب ہونے کے بعد کبھی کبھی مریض کلربلائنڈ ہوجاتا تھا جبکہ ایک شے کے تین عکس بھی نظر آتے تھے۔
کئی مرتبہ اس نے بتایا کہ اشیا کے رنگ باہرنکلتے دکھائی دیتے ہیں۔اشیا کو دائیں سے بائیں دیکھتا تھا اور بسا اوقات اسے منظر اوپر سے نیچے الٹا بھی دکھائی دیتا تھا اور الٹی لکھی تحریر اور اعداد پڑھ سکتا تھا۔
1940 میں اسپین کے ممتاز دماغی ماہر، جسٹو گونزیلو نے مسلسل 50 برس تک اس مریض کا جائزہ لیا اور حتمی ریسرچ پیپر حال ہی میں جسٹو کی موت کے بعد شائع ہوا ہے۔ یہ تحقیق نیوریلجیا نامی جرنل میں سامنے آئی ہے۔