امریکہ میں بھوکے ریچھ نے بیکری سے 60 کپ کیک کھا لیے، ملازمین خوفزدہ

image

امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں ایک کالے بھوکے ریچھ نے بیکری کا رُخ کر کے ملازمین کو خوفزدہ کیا اور 60 کپ کیک کھانے کے بعد چلتا بنا۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کنیکٹیکٹ کے قصبے آون میں ’ٹیسٹ بائے سپلباؤنڈ‘ نامی بیکری کے ملازمین ایک ڈیلیوری وین میں کیک رکھ رہے تھے جب اچانک ایک کالے بھوکے ریچھ کی آمد ہوئی۔

ریاست کی ماحولیاتی ایجنسی کے مطابق کنیکٹیکٹ میں ایک ہزار سے 1200 تک کالے ریچھ پائے جاتے ہیں جن میں سے گزشتہ سال 158 ریچھ لگ بھگ 169 قصبوں اور شہری علاقوں میں نظر آئے۔

بیکری کی مالک میریم سٹیفن نے انسٹاگرام پر لکھا کہ انہوں نے ایک ملازمہ مارین ولیمز کی چیخ و پکار سنی جو کہہ رہی تھی کہ ’یہ ایک خونخوار قاتل ہے‘ اور گیراج میں ریچھ کی آمد کی اطلاع دے رہی تھی۔

مارین ولیمز نے مقامی نیوز چینل کو بتایا کہ انہوں نے ریچھ کو ڈرانے کے لیے چیخ و پکار کی مگر جانور تین بار واپس آیا۔

انہوں نے بتایا کہ ریچھ اُن کی جانب بڑھا اور اُن کو گیراج سے باہر کی جانب دوڑ لگانا پڑی۔

نیوز چینل پر نشر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا رہا ہے کہ بیکری کے ملازمین جانور کو ڈرانے اور بھگانے کے لیے اطراف میں گھوم رہے ہیں مگر ریچھ کے ڈرانے کے بعد خود بھاگ جاتے ہیں۔

ویڈیو میں ریچھ کو کپ کیک کے ایک کارٹن کو کھینچ کر گیراج سے پارکنگ میں لے جاتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

بیکری کی مالک کے مطابق ریچھ نے 60 کپ کیک کھائے۔ انہوں نے بتایا کہ آخرکار ایک ملازم کی جانب سے کار کا ہارن بجائے جانے پر ریچھ کو واپس جانا پڑا۔

جس وقت کنیکٹیکٹ کے ہنگامی امداد اور ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کے اہلکار اور پولیس حکام بیکری میں پہنچے ریچھ وہاں سے جا چکا تھا۔

ریاست میں انسانوں اور ریچھ کا آمنا سامنا تواتر سے ہوتا رہتا ہے تاہم اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

رواں سال ریاست کے ہارٹفورڈ کے مضافاتی علاقے میں ریچھ کے حملے میں ایک 74 برس کی خاتون کو بازو اور ٹانگ پر زخم آئے تھے۔ گزشتہ برس ریاست میں ریچھ کے دو حملوں میں دو افراد زخمی ہوئے تھے۔


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts