سمندری طوفان ’بائپرجوائے‘ کا رُخ انڈیا کی طرف، سات ریاستوں میں الرٹ جاری

image
انڈیا میں سمندری طوفان کا الرٹ کیا گیا ہے جس سے سات ریاستوں میں نقصان ہو سکتا ہے۔

اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان میں سنیچر کی صبح تیزی دیکھی گئی ہے جس میں مزید اضافہ بھی ہو رہا ہے۔‘

حکام کے مطابق ’بائپر جوائے نامی طوفان کے باعث انڈیا کے جنوبی علاقوں میں شدید بارشیں بھی ہوں گی جن کا سلسلہ چار روز تک جاری رہ سکتا ہے۔‘

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت طوفان گووا شہر کے مغرب میں 690 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور مہاراشٹر کے علاوہ ممبئی کے قریبی اضلاع کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

’اگلے 48 گھنٹے کے دوران ممبئی اور مہاراشٹر میں بارش ہو گی۔ ممبئی میں بارش کی شدت کم ہو گی تاہم اس کے قریبی اضلاع میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔‘

کیرالہ ریاست کے لیے ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کا مطلب یہ ہے اس کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی جبکہ تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔

حکام کی جانب سے مچھیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سمندر میں جانے سے گریز کریں (فوٹو: روئٹرز)

حکام کے مطابق سمندر میں بننے والا طوفان انڈیا کی طرف آنے والی ہواؤں میں تیزی لا رہا رہے جس سے ہوا میں نمی بڑھ رہی ہے اور بادل بھی آ رہے ہیں۔

اس وقت کیرالہ میں شدید گرمی پڑ رہی ہے اس لیے امکان یہی ہے کہ آج گردآلود ہوائیں چلیں گی جبکہ اس کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گا۔

وارننگ جاری ہونے کے بعد گجرات کے مشہور سیاحتی مقام کی ٹیتھل بیچ کو 14 جون تک بند کر دیا گیا ہے۔

گجرات کے علاقے ولسد کے تحصیلدار ٹی سی پٹیل نے اے این آئی کو بتایا کہ ’ہم نے مچھیروں کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سمندر میں جانے کی کوشش نہ کریں جبکہ ہنگامی صورت حال میں سمندر کے قریب رہنے والے لوگوں کو فوری طور پر دیگر علاقوں کی طرف منتقل کرنے کی تیاری بھی کر لی ہے۔

انڈیا کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائیکلون کے باعث کئی شہروں میں شدید بارشیں بھی ہوں گی (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

اسی طرح محکمہ موسمیات نے کیرالہ، کرناٹک کے مچھیروں کو بھی سمندر میں جانے سے منع کر دیا گیا ہے جبکہ جو سمندر میں موجود ہیں ان کو بھی ہنگامی طور پر واپس بلا لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی گجرات میں اتوار یا پیر کو سائیکلوں کے اثرات ظاہر ہوں گے اس وقت صورت حال معمول کے مطابق ہے۔

سورت کے کلکٹر بی کے وساوا نے صحافیوں کو بتایا کہ سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی جانب سے بھی امدادی ٹیمیں تیار کر لی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹا جا سکے۔

سمندری طوفان کی وجہ سے ہواؤں کی رفتار 45 سے 55 ناٹس تک پہنچنے کا امکان ہے تاہم بعض علاقوں میں یہ 65 تک بھی جا سکتا ہے اور یہ سلسلہ آج سے شروع ہو کر 12 جون تک جائے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.