آسٹریلیا میں شادی کی تقریب سے واپسی پر بس اُلٹنے سے 10 افراد ہلاک

image

آسٹریلیا کے میں پولیس نے کہا ہے کہ ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں شادی کی ایک بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور 25 زخمی ہیں، جبکہ بس ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ حادثہ رات کو پیش آیا جس کے بعد بس سڑک کنارے الٹی پڑی تھی اور ریسکیو کے درجن بھر افراد کارروائی میں مصروف تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ 25 افراد کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے اور ان میں سے دو کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال لے جایا گیا جن کی حالت نازک ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بظاہر لگتا ہے کہ یہ حادثہ دھند کے باعث بس الٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔

اسسٹنٹ پولیس کمشنر ٹریسی چیپ مین نے کہا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ بس میں بچے بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہسپتال میں بس ڈرائیور کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ وہ زیر حراست ہے۔‘

پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ مسافر ایک شادی کی تقریب سے واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔

آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز کا کہنا تھا کہ ’یہ حادثہ ہنٹر ریجن میں ہوا اور ہماری ہمدردیاں اس ہولناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’خوشی کے دن کا اس طرح سے اختتام ہونا ظلم ہے۔ ہماری نیک تمنائیں اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کے بھی ساتھ ہیں۔‘

فورینزک کے ماہرین اور کریش کی تحقیقات کرنے والا یونٹ جائے حادثہ کا جائزہ لے رہا ہے۔

ہنٹر ریجن سڈنی کے شمال میں ہے جہاں انگوروں کے باغات اور کینگرو پائے جاتے ہیں جو سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہیں۔

مقامی میئر جے سیوال نے کہا کہ ’ہم اس حادثے کے حوالے سے مزید معلومات کا انتظار کر رہے ہیں۔‘


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts