کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کتوں کو سنبھالنے کے بھی کروڑوں روپے مل سکتے ہیں؟ سوچنے میں تو یہ سب ناممکن لگتا ہے، لیکن یہ حقیقت ہے، اب آپ کتے سنبھال کر ساڑھے تین کروڑ روپے کما سکتے ہیں۔
خبر کچھ یوں ہے کہ برطانیہ میں ایک اشتہار شائع ہوا جس میں کتوں کی دیکھ بھال کرنے والے ایک ملازم کی ضرورت تھی، اس اشتہار کے لگتے ہی ہزاروں درخواستیں موصول ہونے لگیں۔ اور اسکی وجہ اور کچھ نہیں بلکہ ملازمت کے لیئے دی جانے والی رقم تھی۔
"فیئرفیکس اینڈ کینسنگٹن" نامی کمپنی نے کہا کہ، اس اشتہار کو چند دنوں بعد ہی ہٹانا پڑا کیونکہ فی گھنٹہ سینکڑوں درخواستیں موصول ہو رہی تھیں۔
اشتہار میں ملازم کے ذمے "ڈاگ نینی" کا کام تھا جس میں ایک گھر میں رہتے ہوئے پالتو کتوں کا ہر ممکن خیال رکھنا تھا۔ تاہم اس کا معاوضہ بہت زیادہ دیا جارہا تھا اور اسی وجہ سے لوگوں نے دھڑا دھڑ درخواستیں دی ہیں۔ ملازم کے ذمے دو کتوں کی دیکھ بھال کی ذمے داری ہوگی۔
ملازمت کیلیئے دی جانے والی رقم 127,000 ڈالر ہے، جو پاکستانی 3 کروڑ 60 لاکھ روپے بنتی ہے۔
اشتہار میں یہ بھی لکھا تھا کہ، ایک ایسے ماہر کی ضرورت ہے جو کتوں کو پالنے کے تجربات رکھتا ہو۔ وہ جانوروں کی خوراک، دیکھ بھال، ورزش، تحفظ اور مجموعی صحت کا ذمے دار بھی ہوگا۔ ڈاکٹروں کے پاس لے جانا، معمولات کے چیک اپ اور ویکسین لگوانا بھی ملازمت کا حصہ ہے۔
اسکے علاوہ یہ کتے مالکوں کے ساتھ بیرونی دوروں پر بھی جائیں گے اور ملازم ان کے ساتھ ہی سفر کرے گا تاکہ سفر کی تھکان اور تناؤ میں کتوں کو مطمئن رکھا جاسکے۔