نتاشا حسین ایک مشہور پاکستانی فیشن ماڈل، میزبان اور آرٹسٹ ہیں۔ وہ پاکستان کی ٹاپ ماڈلز میں سے ایک تھیں۔ ماڈل نتاشا پچھلے دنوں 'یہ دل میرا' اور 'پری زاد' میں نظر آئیں۔ ان کے دونوں کرداروں کو مداحوں نے خوب سراہا تھا۔
حال ہی میں، مشہور ماڈل نے دی چاکلیٹ ٹائمز میں بطور شرکت کی، جہاں انہوں نے اس اداکار کا نام ظاہر کیا جو ان کے مطابق صرف اقربا پروری کا نتیجہ ہے اور اسے اداکاری کرنا نہیں آتا۔
شو میں میزبان نے ایک سیگمنٹ کے دوران ان سے سوال کیا کہ آپ کی نظر میں انڈسٹری میں وہ کون سی اداکارہ یا ادکار ہیں جن کے حوالے سے آپ کو لگتا ہو انہیں اقربا پروری کی وجہ سے پلیٹ فارم ملا؟
اس کے جواب میں نتاشا حسین نے کہا کہ، یہ بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری ہو سکتے ہیں، میں انہیں واقعی اداکار نہیں سمجھتی۔ اگر شہروز، بہروز سبزواری کے بیٹے نہ ہوتے تو شاید ان کو اتنے بڑے پراجیکٹس نہ ملتے، لیکن ان کے والد بہت اچھے اداکار ہیں، مجھے لگتا ہے کہ انہیں اپنے والد کی وجہ سے ایک بہترین پلیٹ فارم ملا ہے۔
تاہم، میزبان نے وضاحت کی کہ اس سیگمنٹ کا مقصد کسی پر تنقید کرنا نہیں ہے، یہ صرف ایک تفریحی سرگرمی ہے۔
پروگرام میں ایسے سوالات پر شوبز انڈسٹری سمیت مداحوں کی جانب سے غم وغصے کا اظہار کیا گیا ، اداکارہ یشمیٰ گل نے شو کے وائرل کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ، ایسے سوال کیوں پوچھے جاتے ہیں؟ اور پھر یہ کہہ دینا کہ مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا، کسی کا مذاق اڑانے میں کیسی تفریح، ہم دن بھر محنت کرکے اپنے کام سے انصاف کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس طرح کے سوالات کو شو میں شامل نہیں کرنا چاہیے۔
سینئر اداکارہ لیلیٰ واسطی نے لکھا کہ، کیا ہم لوگوں پر بات کرنے اور اپنی انڈسٹری پر تنقید کرنے کے بجائے کوئی بہتر مواد شامل نہیں کرسکتے؟
بعد ازاں نتاشا حسین نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے معافی مانگ لی اور کہا کہ، میں شہروز سبزواری سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگتی ہوں۔ میں نے ایسا کہا تھا لیکن میرا ہرگز یہ مقصد نہیں تھا میرے بیان کو غلط لیا گیا، شہروز اچھے اداکارہیں۔