’’تن سے کپڑا اٹھائیں تو اپنا ہی پیٹ برہنہ ہوتا ہے ‘‘یہ الفاظ ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے چچا محمد علی نے متوفیہ کی تدفین سے چند منٹ پہلے ہما سہیل کے الزامات کی تردید میں کہے۔
کراچی ڈیفنس کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے چچا محمد علی نے ’’ہماری ویب‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہما سہیل انکے بھتیجے سہیل اصغر کی اہلیہ تھی ۔ محمد علی مثال بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ خاوند دال پکانے کا خرچہ دے کر جائے اور گھر میں گوشت پک رہا ہو‘‘ جس پر نوید اصغر نے بھی اپنی بھابھی ہما سہیل کو سمجھایا تھا کہ وہ ایسے کام نہ کریں جس سے ان کے خاندان کی عزت پر حرف آئے، ڈاکٹر اصغر کے چھوٹے بھائی بتاتے ہیں کہ دیور کے منع کرنے پر ہما سہیل نے بدکلامی کی اور نوید اصغر کو اپنے کام سے کام رکھنے کا کہا۔جس کی بنیاد پر ان کے گھر کے حالات اس نہج پر آ گئے کہ انہوں نے چھ سے سات ماہ قبل حمیرا اصغر کی سابق بھابھی کو طلاق دے دی۔
جائیداد کے تنازع کے سوال پر مرحومہ کے چچا محمد علی کہتے ہیں کہ جنہوں نے الزامات عائد کئے ہیں اللہ ان کا بھلا کرے ، کسی پر تہمت نہیں لگانی چاہئے ، بنیادی طور پر ہما سہیل خود جائیداد میں سے حصہ مانگ رہی تھی جبکہ اس کا شوہر سہیل اصغر اپنے والدین سے الگ نہیں ہوناچاہتا تھا جس پر ان کی اہلیہ جھگڑا کرتی تھی ۔ سہیل اصغر کی ایک تیرہ برس کی بیٹی اور بارہ برس کا بیٹا بھی ہے۔ ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے چچا نے بتایا کہ سہیل اصغر اپنی اہلیہ کو ساتھ چلنے کی تلقین کرتا تھا لیکن خاتون الٹا ’’آنکھیں دکھاتی ‘‘تھی۔ انہوں نے مثال دی کہ اگر ’’پیٹ سے قمیض اٹھائوں کا تو اپنا ہی پیٹ برہنہ ہو گا‘‘۔ حمیرا اصغر کے چچا نے بتایا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ہما سہیل تو اب انتظار کر رہی ہے کہ کب ڈاکٹر اصغر کی وفات ہو اور وہ جائیداد میں سے حصے کا دعوی کرے۔
محمد علی نے مرحومہ حمیرا اصغر کے کردار کے بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری بھی بیٹیاں ہیں مگر حمیرا جیسی نیک خاتون انہوں نے نہیں دیکھی۔ حمیرا کے چچا کہتے ہیں کہ انکے والدین کا اپنی بیٹی سے ایک سال پہلے رابطہ ہوا تھا اس کے بعد حمیرا کی والدہ نے متعدد بار اپنی بیٹی سے رابطہ کیا مگر حمیرا کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا تھا۔
حمیرا صغر کی وفات کی خبریں نشر ہونے کے بعد ان کی سابق بھابھی ہما سہیل نے اپنے سابق سسرال پر حمیرا کے ساتھ جائیداد کے تنازع کا الزام عائد کیا تھا جبکہ انہوں نے اپنے دیور ڈاکٹر نوید پر ان کے سابق شوہر کے جائیداد میں حصے پر قابض ہونے کا بھی الزام عائد کیا تھا۔