جدید ترقی یافتہ دور میں جہاں زندگی میں کئی آسانیاں پیدا ہوتی جارہی ہیں وہیں کئی انسان ان آسائشوں سے اکتاکر دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ایسے ہی کچھ لوگوں کے بارے میں ہم آپ کو بتانے جارہے ہیں جنہوں نے شور شرابے اور مسائل سے دور مقامات پر انوکھے گھر بنالئے ہیں۔
جیورجیا
امریکی ریاست جیورجیا میں دنیا کے شور شرابے سے دور ایمیریٹی کے دور دراز مقام پر عبادت کیلئے ایک چرچ بنایا گیا ہے جہاں عبادت کیلئے پہنچنے کیلئے 20 منٹ تک سیڑھی چڑھنی پڑتی ہیں لیکن یہاں جاکر انسان کو ہر طرف سکون کا احساس ہوتا ہے۔
پرتگال
جنوبی یورپ کا خوبصورت ملک پرتگال اس وقت پاکستانیوں کیلئے بہت پرکشش مقام بن چکا ہے لیکن یہاں کے باسی شہری زندگی سے پریشان ہوکر پہاڑوں میں جاکر بس رہے ہیں، جو گھر ہم آپ کو دکھا رہے ہیں یہ اس گھر کا نام کاسا ڈو پینیڈو ہے جسے فیف نامی پہاڑی سلسلوں کے دامن میں 1974 میں تعمیر کیا گیا تھا، یہاں رہائش کیلئے سادہ طرز زندگی کے ساتھ خود سبزیاں اور فارمی اشیا کیساتھ گزربسر کیا جاتا ہے۔
اٹلی
اٹلی یورپ کا دل سمجھا جاتا ہے، پاکستان سے قانونی و غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے والوں کیلئے اٹلی ایک محفوظ پناہ گاہ ہے لیکن اطالوی شہری اس خوبصورت ملک کی رنگینیوں کو چھوڑ کر پہاڑوں میں بسنا شروع ہوگئے ہیں۔ یہ گھر جو آپ دیکھ رہے ہیں یہ اپنی نوعیت کی انوکھی تعمیر ہے، یہ ایک پہاڑ کے درمیان واقع تعمیر شمالی اٹلی کے صوبے ٹرینٹو کی لینو نامی وادی میں واقع ہے، یہاں رہنے والے شہر سے اکٹھا سامان لاکر شور شرابے سے دور پرسکون زندگی گزرانا پسند کرتے ہیں۔
آئس لینڈ
یورپ کے خوبصورت ترین ملک آئس لینڈ میں رہائش اختیار کرنا ایشین باشندوں کی اولین پسند ہوسکتا ہے لیکن یہاں کے باسی خود شہری زندگی سے تنگ آکر دیہاتوں میں بسنے کا شوق رکھتے ہیں۔ آئس لینڈ کے جنوبی حصے میں واقع ایتلیوائی میں آخری بار لوگ 100 سال پہلے رہائش پذیر تھے لیکن اب یہ علاقہ تقریباً مکمل طور پر خالی ہوچکا ہے صرف ایک خاندان اب بھی یہاں موجود ہے جو شہر کے ہنگاموں سے دور رہنا چاہتا ہے اور اپنے کھانے کیلئے سبزیوں پر انحصار کرتے ہیں۔
اسکاٹ لینڈ
برطانیہ کے زیر تسلط اسکاٹ لینڈ دنیا کے خوبصورت ترین علاقوں میں سے ایک ہے اور یہاں کے پرفضامقامات دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں لیکن کچھ لوگ اس تیز رفتار زندگی کے بجائے آج بھی دیہی طرز زندگی پسند کرتے ہیں، سرسبز پہاڑوں میں بنا یہ گھر گلینکو نامی علاقے میں واقع ہے، جہاں صرف ایک خاندان آباد ہے جو کھانے کیلئے سبزیاں اور فارمی اشیا کے ساتھ زندگی بسر کرتا ہے۔