“بیٹی پیدا ہوئی تو میرا اور شوہر کرن کا سفر کسی بھی عام والدین سے کافی مختلف رہا اور میں نہیں چاہتی کہ کسی بھی ماں باپ کو اس تکلیف سے گزرنا پڑے کیونکہ ہماری بیٹی دیوی کی پیدائش کے تیسرے دن ہمیں معلوم ہوا کہ اس کے دل میں 2 سوراخ ہیں“
یہ کہنا ہے بالی وڈ کی مشہور اداکارہ بپاشا باسو کا جنھوں نے حال ہی میں ساتھی اداکارہ نیہا دھوپیا سے بات کرتے ہوئے اپنی بیٹی کی صحت کے متعلق انکشاف کیا۔ بپاشا اس حوالے سے مزید کہتی ہیں کہ “ہمیں اس بات کا بھی علم نہیں تھا کہ ہماری بیٹی کے دل میں جو وینٹریکولر سیپٹل ڈیفیکٹ ہے وہ کیا ہے؟ وہ بہت مشکل وقت تھا۔ ہم نے اپنے گھر والوں سے بھی اس بارے میں بات نہیں کی کیونکہ ہمیں خود کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا۔“
بپاشا نے بتایا کہ دیوی کی پیدائش کے پہلے پانچ مہینے ہمارے لیے بہت مشکل رہے۔ بظاہر تو دیوی کی صحت پیدائش کے بعد سے ٹھیک ہے لیکن ڈاکٹر نے ہمیں کہا کہ ہر مہینے ہمیں یہ جاننے کے لیے اسکین کروانا پڑے گا کہ دیوی کے دل میں جو سوراخ ہیں وہ خود سے ٹھیک ہو رہے ہیں یا نہیں لیکن اس کے دل میں جو سوراخ تھے وہ بڑے تھے اس لیے ڈاکٹرز نے کہا کہ سرجری کرنی پڑ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جب دیوی 3 مہینے کی ہوئی تو اس کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی جو بہت تکلیف دہ تھی لیکن اب شکر ہے کہ دیوی ٹھیک ہے۔“