’قبل از وقت موت کے خطرے کو کم کرنے اور صحت مند رہنے کے لیے روزانہ 5000 قدم چلنا کافی ہیں‘

ایک نئی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ 10 ہزار کی بجائے اگر آپ دن میں 5,000 قدم بھی چل لیتے ہیں تو یہ بھی آپ کی صحت پر مثبت اثرات ظاہر کرتے ہیں۔
چہل قدمی
Getty Images
ایک نئی تحقیق کے مطابق چہل قدمی قبل از وقت موت کے خطرے کو 15 فیصد تک کم کر سکتی ہے

یہ بات طویل عرصے سے کہی جاتی رہی ہے کہ ایک دن میں 10 ہزار قدم چلنا آپ کو تندرست رکھنے کے لیے جادو کی حیثیت رکھتا ہے۔ لیکن اب ایک نئی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ 10 ہزار کی بجائے اگر آپ دن میں 5,000 قدم بھی چل لیتے ہیں تو یہ بھی آپ کی صحت پر مثبت اثرات ظاہر کرتے ہیں۔

دُنیا بھر میں دو لاکھ 26 ہزار سے زیادہ لوگوں کے روز مرہ کے معمول کا بغور مطالعے کرنے کے بعد ایک تجزیے میں یہ کہا گیا ہے کہ ایک دن میں چار ہزار قدم بھی قبل از وقت موت کے خطرے کو کم کرنے کے لیے کافی ہیں۔

تاہم دن میں 2,300 قدم دل اور خون کی نالیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کافی ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ آپ جتنا زیادہ پیدل چلیں گے، یہ اتنا ہی زیادہ آپ کی صحت کے لیے فائدہ مند ہو گا۔

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ دن میں 4,000 سے بیس ہزار قدم چلنے تک ہر اضافی 1,000 قدم قبل از وقت موت کے خطرے کو 15 فیصد تک کم کر دیتے ہیں۔

پیدل سفر
Getty Images
پیدل چلنا ہر عمر کے افراد کے لیے فائدہ مند ہے

پولینڈ کی میڈیکل یونیورسٹی آف لوڈز اور امریکہ میں جانز ہاپکنز یونیورسٹی سکول آف میڈیسن کی ٹیم کے مطابق پیدل چلنے کے فوائد مرد و خواتین حتیٰ کے ہر عمر کے افراد پر لاگو ہوتے ہیں، قطع نظر اس کے کہ آپ کہاں رہتے ہیں۔

تاہم، پیدل چلنے کے سب سے زیادہ فوائد 60 سال سے کم عمر کے افراد میں دیکھے گئے ہیں۔

لوڈز یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر میکیج بانچ کہتے ہیں کہ ’جب علاج کے لیے جدید ادویات کی تعداد بڑھ رہی ہے، تو ایسے میں یہ ادویات یا ان کا استعمال صحت مند رہنے کے لیے واحد راستہ نہیں ہے۔‘

پروفیسر میکیج بانچ کہتے ہیں کہ ’میرا ماننا ہے کہ ہمیں ہمیشہ اس بات پر زور دینا چاہیے کہ طرز زندگی میں تبدیلیاں، بشمول خوراک اور ورزش پر توجہ دینے سے دل کے عارضے یا شریانوں کے بند ہونے جیسے خطرناک امراض سے بچا جا سکتا ہے۔ اور ان تمام پر موثر انداز میں عمل پیرا رہنے سےفعال اور طویل عمر حاصل کی جا سکتی ہے۔‘

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار سے یہ پتا چلتا ہے کہ ناکافی ورزش یا جسمانی سرگرمیوں میں کمی کی وجہ سے ہر سال 32 لاکھ افراد کی موت ہوتی ہے، جو کہ دنیا بھر میں اموات کی چوتھی سب سے بڑی وجہ ہے۔

چہل قدمی
Getty Images
پیدل سفر کی کوئی بھی شکل یا قسم انسانی جسم کے لیے مفید ہے

ہنی فائن، ایک فٹنس ٹرینر ہیں اور وہ ایک بین الاقوامی فٹنس کمپنی ’بیری‘ میں بطور ٹرینر خدمات دے رہے ہیں۔ ہنی کا کہنا ہے کہ زیادہ وقت تک ایک ہی جگہ بیٹھے رہنے سے انسانی جسم پر متعدد منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ آپ کے میٹابولزم کو سُست کر سکتا ہے اور پٹھوں کی نشوونما اور طاقت کو متاثر کر سکتا ہے، اور جسم میں درد کا باعث بن سکتا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’زیادہ دیر تک بیٹھنا بھی کمر کے متعدد مسائل کا باعث بن سکتا ہے، یہ بات ہم نے مختلف دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کے جائزہ کے بعد اخذ کی، ان افراد کی کمر مسلسل دباؤ والی پوزیشن میں رہتی ہے جو بعد میں بہت سے مسائل کا باعث بنتی ہے۔‘

ہنی فائن ورزش نہ کرنے اور اس سے جسم میں حرارت کی کمی پر بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ایسے کام جو باقاعدہ ورزش کے زمرے میں نہیں آتے وہ آپ کے جسم سے کیلوریز کو مناسب انداز میں ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’کھڑے ہونا، خریداری کے لیے جانا، فرش دھونا، چہل قدمی کرنا، فون پر بات کرتے وقت ٹہلنا، یہ تمام چھوٹی چھوٹی وہ چیزیں ہیں جو ہمیں زیادہ فعال بناتی ہیں اور یہ ہمارے جسم سے کیلوریز کو زیادہ موثر طریقے سے جلانے میں ہماری مدد کرتی ہیں۔‘

پیدل سفر
Getty Images
گاڑی پر خریداری کے لیے جانے کی بجائے پیدل چلنا بھی فائدہ مند ہے

فائن کہتی ہیں کہ ’اگرچہ آپ کی زندگی میں باقاعدگی سے چہل قدمی کو شامل کرنا مشکل ہو سکتا ہے، لیکن اگر اس کے فوائد سامنے رکھے جائیں تو یہ عمل نہایت فائدہ مند ہوسکتا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’پیدل چلنا آپ کے بلڈ پریشر کو کم کر سکتا ہے، آپ کی ہڈیوں کی حفاظت کے لیے آپ کے پٹھوں کو مضبوط بنا سکتا ہے، یہ آپ کے جسم میں اینڈورفنز نامی ایسے مادے پیدا کرتا ہے جو آپ کو پُرسکون نیند میں مدد فراہم کرتا ہے، پیدل چلنے سے آپ کی خوراک بہتر ہوتی ہے اور یہ آپ کے وزن کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔‘

پیدل چلنے کے دیگر فوائد میں یہ آپ کی دماغی صحت کو بہتر بناتا ہے اور آپ کو موبائل اور ٹی وی سکرینز کے سامنے بیٹھے رہنے اور دیگر کاموں میں مشغول رہنے سے روکتا ہے۔

فائن کے مطابق ’چہل قدمی تقریباً ہر فرد کے لیے ہی موزوں اور فائدہ مند ہے، کیونکہ یہ جوڑوں اور پٹھوں پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔‘

چہل قدمی سے متعلق چند اہم باتیں

پیدل سفر
Getty Images
  • بس یا کار سے جانے کے بجائے سٹیشن تک پیدل چلیں
  • اگر آپ کسی ایک جگہ بیٹھ کر ایک ڈیسک پر کام کرتے ہیں، تو اٹھنے اور گھومنے پھرنے کے لیے گھنٹے کے حساب سے ریمائنڈر لگائیں کہ اب آپ کے سیٹ سے اُٹھنے اور گھومنے کا وقت ہے
  • اگر آپ حاملہ ہیں تو پیدل چلنا بہترین ورزش ہے
  • یہ عادت بنائیں کہ روزانہ پوڈ کاسٹ سنتے ہوئے 30 منٹ کی واک کریں
  • دوستوں کے ساتھ پارک یا کسی بھی پُرفضا مقام پر چہل قدمی کریں اور اگر آپ کے پاس کتا ہے تو اُسے واک پر ساتھ لے جائیں
  • چھوٹی چھوٹی چیزوں سے شروعات کریں، سٹیشن سے دفتر تک 10 منٹ کی واک، پارک میں 20 منٹ تک ٹہلنا اور آخر میں شہر کے ارد گرد 30 منٹ کی پیدل سیر

News Source

مزید خبریں

BBC
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts