“بھارتی فلم میں کام کرنے اور فلم کو ہٹ کروانے کے لئے پاکستان کو برا بھلا کہنا پڑتا ہے، گالی دینی پڑتی ہے۔ اس وجہ سے بالی وڈ سے میری نہیں بنتی کیوں کہ میرے دل میں جو ہے میں اس کا اظہار کردیتا ہوں۔ میری اسی عادت کی وجہ سے میرے بھارتی مداح مجھ سے ناراض بھی ہوجاتے ہیں“
یہ کہنا ہے پاکستان کے معروف اور سینئیر اداکار فیصل قریشی کا جنھوں نے حال ہی میں فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے کئی سوال کے جواب دیے۔ بھارت میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے فیصل نے تفصیلی جواب دیا کہ “بھارت میں فلمز ہٹ کرنے کیلئے پاکستان کو گندا کریں آپ آئی ایس آئی کو گندا کریں، یہی وہ چیزیں ہیں جن سے کوئی اداکار بھارت میں نام کما سکتا ہے لیکن یہ سب چیزیں دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔
فیصل قریشی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ شاہ رخ خان کو پاکستان میں تو سپورٹ کیا جاتا ہے لیکن انھوں نے بھی پاکستان کے خلاف کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ جو رویہ بھارت میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ رکھا گیا پاکستان میں ایسے کسی بھارتی کے ساتھ سلوک کا کوئی واقعہ نہیں ملےگا کیوں کہ پاکستانی گھر آنے والے کیلئے دل کھول دیتے ہیں“۔
واضح رہے کہ پاکستان سے علی ظفر، فواد خان، ماہرہ خان سمیت کئی بڑے نام بھارتی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔