شوبھنیت سنگھ: پنجابی ریپر کنسرٹ میں ’اندرا گاندھی کے قتل کے منظر والی‘ متنازع ہوڈی لہرانے پر تنقید کی زد میں

مشہور پنجابی ریپر شبنیت سنگھ نے لندن میں ایک کنسرٹ کے دوران ان کی ہوڈی کو لے کر تنازع پیدا ہونے کے بعد لوگوں سے نفرت اور منفی باتیں پھیلانا بند کرنے کی اپیل کی ہے۔

انڈیا کے مشہور پنجابی ریپر شوبھنیت سنگھ نے لندن میں ایک کنسرٹ کے دوران ان کی ہوڈی کو لے کر تنازع پیدا ہونے کے بعد لوگوں سے نفرت اور منفی باتیں پھیلانا بند کرنے کی اپیل کی ہے۔

کچھ انڈین سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ ہوڈی میں سکھ علیحدگی پسند تحریک کی حمایت کرنے والی تصاویر تھیں۔

کینیڈا سے تعلق رکھنے والے گلوکار نے کہا کہ ایک مداح نے یہ ہوڈی ان پر پھینکی اور انھوں نے اسے دکھانے سے پہلے یہ نہیں دیکھا کہ اس پر کیا ہے۔

سکھ علیحدگی پسندی کا مسئلہ انڈیا میں ایک حسّاس موضوع ہے۔ ریپر، جنھیں مداحوں میں شوبھ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس سے پہلے بھی اس معاملے پر تنازعات میں رہے ہیں۔

ستمبر میں ان کا دورہِ انڈیا اس وقت منسوخ کر دیا گیا تھا جب ایک پرانی سوشل میڈیا پوسٹ پر تنازع پیدا ہوا تھا جس میں انھوں نے انڈیا کا غلط نقشہ شیئر کیا تھا۔

ان پر خالصتان یا ایک علیحدہ سکھ وطن کے مطالبے کی حمایت کرنے کا الزام تھا، جس کی وجہ سے 1980 کی دہائی میں انڈیا میں پرتشدد بغاوت ہوئی تھی۔

اس وقت انھوں نے اپنے ناقدین سے کہا تھا کہ وہ ہر پنجابی کو علیحدگی پسند یا ملک مخالف قرار دینے سے گریز کریں۔

یہ تنازع انڈیا اور کینیڈا کے درمیان تعلقات خراب ہونے کے فوراً بعد سامنے آیا جب کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ان کا ملک کینیڈا میں ایک سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل میں انڈین حکومت کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کی تحقیقات کر رہا ہے تاہم انڈیا نے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی۔

کینیڈا میں انڈیا کی پنجاب ریاست سے باہر سکھوں کی سب سے بڑی آبادی ہے اور شوبھ جیسے مشہور پنجابی تارکین وطن موسیقاروں کا گھر ہے۔

حالیہ تنازع لندن میں شوبھ کے ویک اینڈ کنسرٹ کے بعد شروع ہوا۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ فرش سے سیاہ ہوڈی اٹھا رہے ہیں اور اسے سامعین کے سامنے لہراتے ہیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ہوڈی میں پنجاب کا نقشہ دکھایا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ انڈیا کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو گولی مار کر ہلاک کیے جانے کی تصویر بھی دکھائی گئی۔

سونیا گاندھی کو 1984 میں ان کے سکھ محافظوں نے قتل کر دیا تھا، جس کے چند ماہ بعد انڈین فوج نے امرتسر میں سکھ مذہب کے مقدس ترین مقام گولڈن ٹیمپل پر دھاوا بول دیا تھا تاکہ وہاں موجود علیحدگی پسند عسکریت پسندوں کو باہر نکالا جا سکے۔

فی الحال آن لائن موجود دھندلی ویڈیوز سے ہوڈی پر تصویر کو واضح طور پر سمجھنا مشکل ہے۔

منگل کو ریپر نے انسٹاگرام سٹوریپر ایک بیان جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ ’لندن میں میرے پہلے شو میں سامعین نے مجھ پر بہت سارے کپڑے، زیورات اور فون پھینکے تھے۔ میں وہاں پرفارم کرنے کے لیے گیا تھا، یہ دیکھنے کے لیے نہیں کہ مجھ پر کیا پھینکا گیا اور اس پر کیا ہے۔‘

انھوں نے لکھا کہ ’چاہے میں کچھ بھی کروں، کچھ لوگ اسے میرے خلاف استعمال کرنے کے لیے کچھ نہ کچھ ڈھونڈیں گے۔‘

بالی وڈ ادا کارہ کنگنگا رناوت بھی شوبھنیت پر تنقید کرنے والوں میں شامل ہیں۔ انھوں نے ایکس پر لکھا ’ایک بوڑھی عورت کے بزدلانہ قتل کا جشن منا رہے ہیں جنھیں اس نے اپنا نجات دہندہ مقرر کیا تھا۔ جب آپ پر بھروسہ کیا جاتا ہے کہ آپ کی حفاظت کی جائے لیکن آپ اعتماد اور ایمان کا فائدہ اٹھائیں اور ان ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ان لوگوں کو ہلاک کریں جن کا مقصد حفاظت کرنا تھا تو یہ بہادری نہیں بلکہ بزدلی کا شرمناک عمل ہے۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’ایک بزرگ خاتون پر اس طرح کے بزدلانہ حملے پر شرم آنی چاہیے، جو نہتی اور بے خبر تھیں، ایک ایسی خاتون جو جمہوریت کی منتخب رہنما تھیں۔‘

شوبھ کون ہیں؟

شوبھ کا اصل نام شوبھنیت سنگھ ہے۔ اس کے والدین پیشے کے اعتبار سے استاد ہیں۔ شوبھ کے بڑے بھائی کو پنجابی سنیما کی دنیا میں ایک اداکار، اینکر اور گلوکار کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

شوبھ کا خاندان روپڑ ضلع کے ننگل قصبے میں رہتا تھا لیکن بعد میں چندی گڑھ منتقل ہو گیا۔ اس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے کینیڈا چلے گئے جہاں سے انھوں نے موسیقی کا سفر بھی شروع کیا۔

ایک ذاتی یوٹیوب چینل پر شوبھ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کے بڑے بھائی نے کہا کہ شوبھ سدھو (موسے والا) کو سنتا رہا ہے، اس نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہو گا، ایک نئی نسل اور ایک نیا جذبہ ہے۔‘

شوبھ کا پہلا گانا 17 ستمبر 2021 کو ان کے یوٹیوب چینل پر ریلیز ہوا۔ ’وی رولن‘ کے عنوان سے اس گانے کا صرف آڈیو جاری کیا گیا۔ اب تک اس گانے کو 20 کروڑ سے زیادہ ویوز مل چکے ہیں۔ یہ گانا خود شوبھ نے لکھا، گایا اور کمپوز کیا۔

اس کے علاوہ انھوں نے 2022 میں ’نو لو‘ نام کا گانا بھی ریلیز کیا۔

شوبھ کا سفر ایک گانے سے شروع ہوا اور انھوں نے کئی گانوں کے ذریعے اپنی پہچان چھوڑی۔ پہلے گانے کی ریلیز کے تقریباً دو سال بعد 12 مئی 2023 کو شوبھ نے اپنی مکمل البم ’سٹیل رولن‘ کا اعلان کیا جو 19 مئی 2023 کو اپنے یوٹیوب پر ریلیز ہوا۔ اس البم میں چھ گانے ہیں۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.