ریسٹورنٹس میں کھانا کھانا اور ٹپ دینا ایک معمول کی بات سمجھی جاتی ہے، کچھ لوگ سروس سے خوش ہوکر اچھی خاصی ٹپ بھی دے دیتے ہیں اور بعض لوگوں ایک روپیہ بھی اضافی دینا پسند نہیں کرتے تاہم امریکا میں ایک خاتون نے 7 ڈالرز کے سینڈوچ کیلئے 7 ہزار ڈالرز کی ٹپ دیدی۔
امریکی خاتون کو غلطی کا احساس تب ہوا جب ہفتہ وار بینک اسٹیٹمنٹ ملی تو خاتون چکرا کر رہ گئی اور بینک سے رابطہ کرلیا اور بتایا کہ کریڈیٹ کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کی تھی اور غلطی سے ادائیگی کی رقم کی جگہ اپنے فون نمبر کے آخری 6 ہندسے (7105.44) ڈال دیے جو کہ بطور ٹپ ادا ہو گئے۔
ابتدا میں بینک نے خاتون کی درخواست قبول کرنے سے انکار کر دیا لیکن کئی دنوں تک انتظار کرنے کے بعد خاتون نے جب اپنا دعویٰ دوبارہ پیش کیا تو بینک نے کیس لیا اور خاتون کو اس کے پیسے واپس مل گئے۔
یاد رہے کہ ان دنوں پوری دنیا میں آن لائن خریداری اور ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے بڑھتا جارہا ہے اور کورونا کے بعد تو دنیا آن لائن خریداری کی بہت زیادہ عادی ہوچکی ہے جس کی وجہ سےاس طرح کی غلطیاں بھی عام ہوچکی ہیں جس سے اکثر صارفین کو نقصان بھی اٹھانا پڑ جاتا ہے۔