آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈائی بیچ پر فائرنگ کرنے والے ملزم پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلین پولیس نے بتایا کہ زخمی حملہ آور نوید اکرم کو ہوش میں آنے کے بعد فرد جرم عائد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوید اکرم اور اس کے والد ساجد اکرم نے ماں کو حملے کی منصوبہ بندی سے لاعلم رکھا اور کارروائی سے پہلے گھر سے 20 کلومیٹر دور کرائے پر جگہ لی جبکہ ماں کو فشنگ ٹرپ پر جانے کا بتایا گیا۔
واضح رہے کہ بونڈی بیچ حملے میں دو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 15 افراد کو ہلاک اور 40 کو زخمی کیا تھا۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ساجد اکرم کے نام سے ہوئی جو بھارت کے شہر حیدرآباد کا رہائشی تھا جبکہ اس کا بیٹا نوید اکرم آسٹریلوی شہریت رکھتا ہے۔
فلپائن کے صدارتی ترجمان کلیری کاسترو نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کے فلپائن کے دورے کے دوران دہشتگرد ٹریننگ کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور فلپائن کو داعش کے تربیتی مرکز کے طور پر پیش کرنے والی رپورٹس مسترد ہیں۔
حملے کے دوران ایک خاتون عینی شاہد نے بتایا کہ نوید اکرم نے گاڑی سے اتر کر فائرنگ شروع کی لوگوں کو چیخ کر بھاگنے کا کہا لیکن کسی نے اس پر یقین نہیں کیا۔ آسٹریلوی پولیس کے مطابق نوید اکرم نے پولیس کو بیان دینے سے انکار کر دیا ہے اور اس کی حالت بہتر ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ بونڈی بیچ پر دونوں حملہ آوروں نے فوٹ بریج کے مقام کو انتخاب کیا اور کارروائی کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں نوید اکرم پر 15 قتل سمیت متعدد جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔