پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کی مسلسل چھٹی شکست کے بعد شاہین کی قومی ٹیم کی کپتانی پر اٹھتے سوال

پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے آغاز پر شائقین کو توقع تھی کہ لاہور قلندرز کا بولنگ اٹیک مضبوط ہے اور وہ حریف ٹیموں کو ٹف ٹائم دے گا مگر جناب حارث رؤف ہوں، زمان خان ہوں یا شاہین شاہ آفریدی۔۔۔سب ہی اپنے جوہر دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے آغاز سے ہی پاکستانی کرکٹ شائقین نے اپنی اپنی فیورٹ ٹیم سے امیدیں باندھ لی تھیں اور ہر کوئی اپنی ٹیم کی اچھی کارکردگی کے لیے پُرامید تھا۔

کچھ کرکٹ پنڈتوں نے سیزن کے آغاز میں اپنے تئیں تبصرے و تجزیے بھی دیے کہ کون سی ٹیم اس سیزن میں اچھا پرفارم کرے گی اور کون سی ٹیم شائقین کرکٹ کو مایوس کرے گی۔

پاکستان میں ہر سال پی ایس ایل کے آغاز سے ہی شائقین کرکٹ اپنی اپنی ٹیم کی حمایت میں سامنے آتے ہیں اور ان کی خامیوں کا دفاع جبکہ خوبیوں پر اِتراتے ہیں۔

ویسے تو پی ایس ایل کی ٹیموں کے درمیان کوئی تلخی نہیں لیکن لاہور اور کراچی کی ٹیموں کو ایک روایتی حریف کی حیثیت ضرور حاصل ہے۔

ایسے میں اگر لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا میچ ہو تو پی ایس ایل بھی ’ہاٹ‘ بن جاتا ہے۔

مگر اس مرتبہ شائقین کے جذبات کسی اور وجہ سے بھڑک رہے ہیں بلکہ یوں کہیں کہ لاہور قلندرز کے حامیوں کا تو خون کھول رہا ہے۔ اور اس کی وجہ ہے دو بار کی دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کی ’خراب‘ اور ’مایوس کن کارکردگی‘۔

جی ہاں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو گذشتہ روز ملتان سلطانز کے ہاتھوں ایونٹ میں لگاتار چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قلندرز کو 215 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 17ویں اوور میں 154 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کرکٹ
Getty Images

پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے آغاز پر شائقین کو توقع تھی کہ لاہور قلندرز کا بولنگ اٹیک مضبوط ہے اور وہ حریف ٹیموں کو ٹف ٹائم دے گا مگر جناب حارث رؤف ہوں، زمان خان ہوں یا شاہین شاہ آفریدی، سب ہی اپنے جوہر دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔

ایسے ہی بیٹنگ آرڈر میں فخر زمان ہوں، ڈیوڈ ویز یا جنوبی افریقی بلے باز ریسی وین کسی کا بلا بھی رنز نہیں اُگل سکا۔

لاہور قلندرز کی ایونٹ میں مسلسل چھٹی شکست کے بعد بہت سے کرکٹر تجزیہ کار اسے ٹیم کا درست کمبینیشن نہ بن پانا اور لاہور قلندرز کی جانب سے ایونٹ میں پے در پے شکست کے بعد فائٹنگ سپرٹ کی کمی کو قرار دے رہے ہیں۔

جبکہ کچھ شائقین عبداللہ شفیق کو موقع نہ دینا اور افغانستان کے راشد خان کی کمی کو بھی ٹیم کی ہار کی وجہ بتاتے دکھائی دیتے ہیں۔

https://twitter.com/Uff_RizzJoD/status/1762578912498855998?s=20

’اکیلا شاہین فائٹ کرتا نظر آیا، باقی امیچور پرفارمنس رہی‘

کرکٹ
Getty Images

لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید بھی ٹیم کی مسلسل خراب کارکردگی پر برہم نظر آئے۔

ملتان سلطانز سے شکست نے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملتان کے خلاف مایوس کُن پرفارمنس رہی، فائٹ نظر نہیں آئی، اس سے پہلے ٹیم نے فائٹ کی تھی۔

لاہور قلندرز کے ہیڈکوچ عاقب جاوید نے کہا کہ ’ٹیم میں کمبینیشن نہیں بن سکا، اکیلا شاہین فائٹ کرتا نظر آیا، باقی امیچور پرفارمنس رہی۔‘

انھوں نے ٹیم کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آسانی سے رنز بن سکتے تھے، سپن آپشنز کو ذہن میں رکھا تھا ڈسپلن بولنگ کی کمی نظر آئی۔‘ انھوں نے کہا کہ آ’ج کچھ بھی اچھا نہیں ہوا، بولنگ میں تسلسل نہیں تھا، فیلڈنگ مایوس کن تھی۔‘

عاقب جاوید نے بتایا کہ ’بیٹنگ آرڈر میں توازن لانے کے لیے عبداللہ شفیق کو موقع نہیں مل سکا ہم انھیں چوتھے نمبر پر کھلانا چاہتے تھے، اس سیزن میں ہماری طاقت ہماری کمزوری بن گئی ہے، سب فٹ رہتے تو ریزلٹ مختلف ہو سکتے تھے۔‘

https://twitter.com/grassrootscric/status/1762546504198168700?s=20

لاہور قلندرز کے شائقین سوشل میڈیا پر جہاں ٹیم کی بُری پرفارمنس پر تنقید کر کے اپنا دل ہلکا کر رہے ہیں وہیں کچھ شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی اور اُن کی بولنگ پر بھی بات کر رہے ہیں۔

پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پی ایس ایل کے گذشتہ دو سیزن میں اُن کی کپتانی، بولنگ کی بنیاد پر ہی قومی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ رواں برس پی ایس ایل میں ان کی کپتانی اور کارکردگی قابل ذکر نہیں رہی ہیں۔

کرکٹ شائقین اور سابق کرکٹرز مختلف تبصروں میں یہ رائے دے رہے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کی مسلسل شکستوں کے بعد ٹیم میں فائٹنگ سپرٹ اور مورال بلند کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔

وہ ٹیم کا درست کمبینیشن بنانے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ اور ایسے میں جب اگلے چند ماہ میں امریکہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شروع ہونے جا رہا ہے ان کی پی ایس ایل میں کارکردگی بہت اہمیت رکھتی ہے۔

https://twitter.com/Sk843_/status/1762535402567508077

ایک اور سوشل میڈیا صارف نے لاہور قلندرز کی مسلسل شکست پر لکھا کہ ’اب زندگی میں صرف یہ ہی کام ہے صبح اٹھو، لاہور قلندرز کو ہارتا دیکھو، ٹرول کرو اور سو جاؤ۔‘

جبکہ ایک اور صارف نے لاہور قلندرز کی ہار پر لکھا کہ ’ان کا ایٹیچوئیڈ تو شیر کی طرح ہے، جبکہ پرفارمنس بلی کی طرح۔‘

https://twitter.com/SajSadiqCricket/status/1762550113824596469

سیج صادق نامی صارف نے لاہور قلندرز کی مسلسل چھٹی شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’لاہور قلندرز کو اب پی ایس ایل 10 کی تیاری شروع کر دینی چاہیے۔‘

سپورٹس صحافی عثمان قادر نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’لاہور قلندرز کا کھیل ختم ہوا۔‘

https://twitter.com/Ahmadridismo/status/1762543545590698088

جبکہ لاہور قلندرز کے ایک حامی سوشل میڈیا صارف نے اس پر تبصرہ کیا کہ ’میں نے دو مسلسل ٹائٹل جیتنے سے قبل چھ سال تک یہ سب کچھ دیکھا ہے، آخری دو سیزن خوبصورت تھے، ماضی کے مقابلے میں سیزن کچھ بھی نہیں ہے مگر میں صرف یہ کہتا ہو کہ ہم واپس آئیں گے، آپ اس کا پوسٹر بنا کر دیوار پر چسپاں کر لیں۔‘


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.