بلوچستان: مسلح افراد نے بس میں سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے آٹھ مسافروں کو اغوا کرلیا

image

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اور پانچ کو زخمی کردیا جبکہ ایک مسافر بس سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے آٹھ مسافروں کو اغوا کرلیا۔‘ڈپٹی کمشنر نوشکی حبیب اللہ موسٰی خیل نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’جمعہ کی شب نوشکی سے تقریباً ایک کلومیٹر دُور کوئٹہ نوشکی تفتان این 40 شاہراہ پر درجن سے زائد نامعلوم افراد نے قومی شاہراہ کو بند کردیا۔‘

’شاہراہ بند کر کے مسلح افراد نے گاڑیوں کی تلاشی لینا شروع کی اور اس دوران نہ رُکنے پر ایک گاڑی پر فائرنگ کردی۔‘ ڈپٹی کمشنر کے مطابق ’گاڑی نوشکی سے جے یو آئی کے رکن بلوچستان اسمبلی غلام دستگیر بادینی کے بھائی چلا رہے تھے۔‘’فائرنگ کے نتیجے میں ٹائر برسٹ ہونے سے گاڑی اُلٹ گئی جس سے اس میں سوار ایم پی اے کے ایک رشتہ دار ہلاک جبکہ دیگر چار افراد زخمی ہوگئے۔‘حبیب اللہ موسٰی خیل نے مزید بتایا کہ ’حملہ آوروں کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک موٹرسائیکل سوار بھی زخمی ہوگیا۔‘نوشکی پولیس کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’مسلح افراد نے کوئٹہ سے تفتان جانے والی ایک مسافر بس کو بھی اسلحے کے زور پر روکا۔‘’مسلح افراد نے بس میں سوار مسافروں کے شناختی کارڈز دیکھے اور اُن میں پنجاب کا رہائشی پتا رکھنے والے آٹھ مسافروں کو اُتار کر اغوا کرلیا اور قریبی پہاڑوں کی طرف فرار ہوگئے۔‘مسلح افراد نے ایف سی نوشکی ملیشیا کے اسلحہ ڈپو پر راکٹ کے گولے بھی داغے، تاہم اس سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق حملے میں ممکنہ طور پر کالعدم علیحدگی پسند بلوچ مسلح تنظیمیں ملوث ہوسکتی ہیں۔ملزمان اور مغویوں کی تلاش کے لیے پولیس، ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

اُدھر پشین میں ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرکے جلسے، جلسوں یا پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے۔

ڈپڑی کمشنر پشین کیپٹن (ر) جمعداد خان مندوخیل نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ’پابندی امن و امان کی صُورت حال کے پیش نظر عائد کی گئی ہے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.