زر مبادلہ میں اضافے اور مستحکم معیشت کیلئے برآمدات میں اضافہ نا گزیر ہے، عبدالعلیم خان

image

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نجکاری، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملکی زر مبادلہ میں اضافے اور مستحکم معیشت کے لئے برآمدات میں اضافہ نا گزیر ہے، ہمیں اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کے ذریعے ایکسپورٹ کی شرح کو ہر حال میں بڑھانا ہوگا جس کے لئے نجی شعبے کو نئے سے نئے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔ وفاقی وزیر نے بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بالخصوص پاک سعودی سرمایہ کاری اور ایکسپورٹ میں اضافے کے حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس امر کے لئے ہمارے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے اور سرمایہ کاری کے ذریعے بے روزگاری میں بھی کمی ہو۔ عبدالعلیم خان نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ اندرون و بیرون ملک سرمایہ لگانے کے نئے مواقع تلاش کرے جس کے لئے حکومت انہیں ہر ممکن سہولت بہم پہنچائے گی۔وفاقی وزیر نے سعودی عرب سے اعلیٰ سطحی وفد کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ نجی شعبہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا جس سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تجارت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری کامرس صالح فاروقی نے بیرون ملک ترسیلات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ا نہوں نے بتایا کہ اس وقت زراعت، ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسوٹیکل، موبائلز، کھیلوں کے سامان، منرل و معدنیات اور دیگر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی گنجائش موجود ہے۔

اجلاس میں اہم کاروباری شخصیات،سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کے رہنمائوں نے شرکت کی اور حکومت سے بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ سعودی عرب سے آنے والے اعلیٰ سطحی وفد سے بھرپور تعاون کریں گے اورجس قدرممکن ہو سکا پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لئے کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا نے بھی اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.