ملک بھر میں بجلی چوری کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومتوں کو مدد کیلئے خطوط لکھ دیئے گئے ہیں، اویس احمد لغاری

image

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بجلی چوری کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومتوں کو مدد کیلئے خطوط لکھ دیئے گئے ہیں، کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی چوری کے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کرنا مجبوری ہے، کنڈہ سسٹم کا خاتمہ سکیورٹی اداروں کی مدد کے بغیر ممکن نہیں، اس معاملے میں جہاں بھی ہماری ذمہ داری بنتی ہے وہ پوری کرینگے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں نبیل گبول کے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے کراچی بالخصوص لیاری میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور زائد بلنگ کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا کہ لیاری اعظم بستی میں تین فیڈرز بجلی سپلائی کر رہے ہیں اس علاقے میں 12200 صارفین ہیں ان فیڈرز پر بھاری نقصانات کی وجہ سے یہاں 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ ہفتہ میں ایک یا دو دن نقصانات کم کرنے کیلئے زیادہ دیر بجلی بند رکھی جاتی ہے۔ لیاری میں کل 82 فیڈرز ہیں جن میں سے 51 ایسے فیڈرز ہیں جن پر کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہے، کچھ فیڈرز ایسے ہیں جن پر دس دس اور 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔

کراچی کے 2195 میں سے 1500 فیڈرز پر کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ 30 فیصد فیڈرز کے نقصانات کم کرنے کیلئے لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں منی کیمپس کے ذریعہ کے الیکٹرک نے لوگوں کو بل دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ توجہ مبذول نوٹس پر نبیل احمد گبول، اسد نیازی، مرزا اختیار بیگ اور شرمیلا فاروقی کے سوالات کے جواب پراویس احمد لغاری نے کہا کہ میں جلد کراچی کا دورہ کر کے اس معاملے کا جائزہ لوں گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی چوری کرنے والے صارف کا کنکشن پولیس حکام کی مدد کے بغیر نہیں کاٹا جا سکتا ، ہر ٹرانسفارمر کے ساتھ ایک مکینکل ڈیوائس لگائی جاتی ہے جس کو بعض علاقوں میں خراب کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ ٹرانسفارمر بند نہیں ہو سکتا اور پورا فیڈر بند کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیپرا قیمتوں کا تعین کرتا ہے بجلی کی قیمتوں میں کیپسٹی ادائیگیوں، ٹیکس، ایندھن کی قیمت سمیت دیگر چیزیں بھی شامل ہوتی ہیں۔ اس معاملے پر بریفنگ دینے کیلئے تیار ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی چوری روکنے کیلئے صوبائی حکومتیں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ہم نے لوگوں کو خطوط لکھے ہیں۔ ایک صوبہ کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں۔

سندھ کا دورہ کر کے سندھ حکومت سے بھی درخواست کرینگے۔ کنڈا سسٹم کا خاتمہ امن و امان قائم کرنے والے اداروں کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ہمارے اپنے ملازمین بھی اس میں ملوث ہیں۔ زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر بچت کیلئے لوڈ شیڈنگ کرنا پڑتی ہے۔ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے بلاامتیاز کارروائی کی جاتی ہے۔سندھ اور کراچی کے بہت سے ایسے علاقے بھی ہیں جہاں بجلی چوری نہیں ہوتی، جہاں جہاں ہماری ذمہ داری بنتی ہے ہم وہ پورا کرینگے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.