اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مظاہرین کے مطالبات کو پورا کرنے اور معاملہ کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر صدرمملکت، وزیراعظم اور حکومت کی کوششیں قابل تعریف ہے۔
منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال کا صدر آصف علی زرداری نے نوٹس لیا اورکشمیرکی قیادت سے ملاقات کی، وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی آزاد کشمیر کی قیادت اور شراکت داروں سے ملاقات کی اور ان سے مذاکرات کئے جو کامیاب ہوئے، حکومت نے ان کے مطالبات کو تسلیم کیا اوراس پرعمل درآمد ہوا، اس پر میں حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے مظاہرین کے سارے مطالبات پورے ہو گئے ہیں اور لوگ منتشر ہو گئے ہیں، حکومت نے صورتحال کا بروقت نوٹس لیا جس پر اس کی تعریف کرنی چاہیے، کشمیری پاکستان سے پیار کرنے والے لوگ ہیں، پاکستان نے کشمیریوں کی ایک کال پر ان کے مسائل کو حل کیا ہے۔سید خورشید شاہ نے کہاکہ علی محمد خان نے جو باتیں کی ہیں کاش وہ 2018 کی اسمبلی میں کرتے میں ان کے دور میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنا، ہم نے 2013 سے 2018 تک ایمانداری اور عوامی مینڈیٹ کے ساتھ اپنا وقت اس ایوان میں بطور اپوزیشن گزارا ہے، میں اپوزیشن لیڈر تھا عمران خان اپنی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر تھے لیکن جب اقتدار میں آئے تو 2 سال تک میں مجھے جیل میں رکھاگیا اور وہ مقدمات میں اب بھی بھگت رہا ہوں۔