’ریچارج پلان کی قیمت بڑھا کر ہر ماہ نئی تقریبات‘: اننت امبانی کی شادی پر شاہ خرچیاں کیوں زیرِ بحث

انڈیا کے امیرترین شخص مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی 12 جولائی کو ہندو رسم و رواج کے مطابق ہونی ہے لیکن رواں سال یکم مارچ سے ہی اس شادی کی رسومات جاری ہیں۔

انڈیا کے امیرترین شخص مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی تو 12 جولائی کو ہندو رسم و رواج کے مطابق ہونی ہے لیکن رواں سال یکم مارچ سے ہی اس شادی کی رسومات جاری ہیں۔

رادھیکا مرچنٹ اور اننت امبانی کی پہلی پری ویڈنگ تقریب میں اگر عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ریحانہ اور ایکون نے پرفارم کیا تھا تو دوسری پری ویڈنگ تقاریب جو بحیرہِ روم کے گرد ایک کروز میں ہوئی تھی اس میں 90 کی دہائی کے نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن ’دی بیک سٹریٹ بوائز‘، امریکی ریپر اور سنگر پٹ بل، گلوکارہ کیٹی پیری اور اطالوی میوزک کمپوزر اینڈریا بوچیلی کی پرفارمنسز ہوئی تھیں۔

شادی سے چار روز قبل جہاں سنگیت کی تقریب ہوئی وہیں اس سے ایک روز قبل مہندی کی تقریب ہوئی جس میں انڈین گلوکار ادت نارائن اور میوزک کمپوزر اور گلوکار راہل ویدیا نے پرفارم کیا۔

سنگیت کی محفل جمعے کو ممبئی کے باندرا کرلا کمپلکس کے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی جس میں کینیڈا کے معروف پاپ سٹار جسٹن بیبر نے بھی پرفارم کیا۔

جسٹس بیبر نے نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر میں اپنا 2015 کا ہٹ گیت 'لو یور سیلف' کے ساتھ ساتھ ڈی جے خالد کے ساتھ اپنے 2017 کے تعاون ’آئی ایم دی ون‘ پیش کیا۔ اپنی پرفارمنس کے اختتام پر گلوکار دلہا اور دلہن کو مبارکباد دینے اور ان کی شادی کا جشن منانے کے لیے سٹیج پر لے کر آئے۔

جسٹن بیبر کے بعد اب کون؟

انڈیا کے سوشل میڈیا پر اب یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ شادی والے دن تقریب کو رونق بخشنے کے لیے کون عالمی شہرت یافتہ فنکار ہوگا۔ لوگ یہ اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس کے لیے گلوکارہ اڈیل، ڈریک یا لانا ڈیل رے میں سے کوئی ایک یا سبھی ہو سکتے ہیں لیکن امبانی خاندان کی جانب سے اس بارے میں رازداری برتی جا رہی ہے۔

اگرچہ ان تقاریب کو بعض حلقے دنیا کے سامنے انڈیا کی ’سافٹ پاور‘ کی جھلک کے طور پر بیان کر رہے ہیں وہیں بعض کا خیال ہے کہ یہ محض برصغیر میں شادی بیاہ کے مواقع پر دولت کی نمائش کی فرسودہ روایت کا تسلسل ہے۔

جسٹن بیبر کے پرفارمنس کے بعد سوشل میڈیا پر جہاں شادی کے چرچے ہیں اور اس میں شرکت کرنے والے بالی وڈ کے فنکاروں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جار ہی ہیں وہیں مکیش امبانی کی موبائل فون سروس کمپنی جیو کے بائیکاٹ کی بھی بات کی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ مکیش امبانی اپنے بیٹے کی مہنگی ترین شادی کا خرچ انڈیا کے کروڑوں صارفین سے وصول کر رہے ہیں۔

اس پر بعد میں بات ہوگی آئیے پہلے شادی کی تقریب پر بات کرتے ہیں۔

شادی کی تقاریب میں اخراجات اور مشاہیر کی موجودگی

مکیش امبانی اپنے سب سے چھوٹے بیٹے کی شادی پر خرچ میں کوئی کمی نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ اسے آج تک کی انڈین شادیوں کے سب سے زیادہ اسراف والی شادیوں سے بھی آگے کی چیز کہا جا رہا ہے۔ یہاں تک کہ اس شادی نے ان کی بیٹی کی شادی کی تقاریب کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جس میں بیونسے نے پرفارمنس پیش کی تھی۔

گذشتہ جمعے کو اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی پری ویڈنگ سنگیت کی تقریب میں بہت زیادہ اہتمام کیا گیا تھا کیونکہ اس میں بالی وڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن سے لے کر شاہ رخ خان اور عامر خان بھی جلوہ افروز نظر آئے۔

فوربز جریدے کے مطابق 115 ارب ڈالر کی دولت والے ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی اور ان کے اہل خانہ نے جہاں اپنے اپنے انداز میں منتخب گیتوں پر رقص کیا وہیں بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان نے اپنے ہٹ گانے 'دیوانگی دیوانگی' پر پرفارم کیا۔

اب تک اس شاہانہ اور پرتعیش شادی پر کتنا خرچ آیا ہے اس کا اندازہ کسی کو نہیں ہے۔ انڈین میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ قیاس کیا گیا ہے کہ ریحانہ کو ان کی پرفارمنس کے لیے 70 لاکھ ڈالر کی رقم ادا کی گئی جبکہ جسٹن بیبر کو ایک کروڑ ڈالر دیے گئے۔ لیکن امبانی خاندان نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا ہے اور نہ ہی ان فنکاروں کی جانب سے اس متعلق کوئی بیان سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

شادی سے پہلے شادی کی دھوم دھام
Getty Images
شادی سے پہلے شادی کی دھوم دھام
مکیش اور نیتا امبانی
EPA
مکیش اور نیتا امبانی

سوشل میڈیا پر ’دفعہ 144‘ اور ’بائیکاٹ جیو‘ کے تبصرے

جہاں اس پرتعیش شادی کی تقریبات، اس میں پرفارم کرنے والے فنکاروں کے متعلق خبریں انڈین میڈیا اور سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں وہیں اس شادی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مکیش امبانی پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

اور اس کی دو وجوہات ہیں۔ پہلی یہ کہ 12 جولائی سے شادی کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر ممبئی پولیس نے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے تاکہ شادی میں شریک ہونے والے مہمانوں کو ممبئی کی ٹریفک میں پھنسنے سے بچایا جا سکے۔

ایسے میں ممبئی کے شہری اس ایڈوائزری پر رائے دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اس سے بہتر تھا کہ حکومت دفعہ 144 نافذ کر دیتی کیوںکہ شادی کے مہمانوں کا قافلہ تو گزر جائے گا لیکن عام شہری گھنٹوں ٹریفک میں خوار ہوں گے۔

اور دوسری وجہ یہ ہے کہ مکیش امبانی کی ٹیلی کام کمپنی جیو نے اپنے ٹیرف میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اخبار دی اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ 12 فیصد سے 25 فیصد کے درمیان ہے۔

سوشل میڈیا صارفین جیو کے اس اعلان کو اننت امبانی کی شادی سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں جبکہ بعض اس اضافے کو ٹیلی کام کارٹیل کی اجارہ داری کہہ رہے ہیں۔

معروف یو ٹیوبر دھرو راٹھی کے پیروڈی اکاؤنٹ سے سوشل میڈیا پلیٹ فار ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا گیا کہ ’جیو کا بائیکاٹ کرنے کا وقت آگیا ہے۔ مکیش امبانی ہر ماہ اپنے بیٹے کی شادی کر رہے ہیں اور ریچارج پلان میں اضافہ کر کے غریب لوگوں سے یہ رقم وصول کر رہے ہیں۔‘

سورج جی نائک نامی صارف نے شادی کے دعوت نامے کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جیو نے اپنے ریچارج کی قیمت میں اضافہ کیا ہے کیا یہ اس لیے ہے کہ کسی نہ کسی کو اتنی زیادہ پری ویڈنگز اور ویڈنگ کا خرچہ اٹھانا ہوگا؟‘

ہیومین جی پی ٹی نامی صارف نے لکھا کہ ’جہاں جیو ریچارج پلان کی قیمت ہر ماہ بڑھ رہی ہیں وہیں امبانی کی شادیوں کا اسراف بھی ہر ماہ بڑھتا جا رہا ہے۔ جسٹن بیبر کو سنگیت میں پرفارم کرتا دیکھیں۔‘

رے نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’جیو بالکل برطانویوں کی طرح ہندوستانیوں کو مجبور کر رہا ہے کہ وہ امبانی کی شاندار شادی کی ادائیگی کے لیے سخت محنت کریں، اور پھر انھیں اس سے لطف اندوز ہوتے دیکھیں۔‘

بہت سے لوگ مکیش امبانی اور نیتا امبانی کے ساتھ نئے جوڑے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھ رہے ہیں کہ ’دسیوں کروڑ انڈینز امبانی کے بیٹے کی شادی سے پہلے کی تقاریب میں حصہ ڈال رہے ہیں، کیونکہ جیو کے ریچارج کی شرح میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔۔۔

’اور جیو کے انڈیا میں 480 ملین صارفین ہیں۔ یہ ہے امبانی کا اپنے بیٹے کی شادی کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کا طریقہ۔‘


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.