اولمپکس 2024: سٹیڈیم کی جگہ دریا میں پریڈ، پیرس میں افتتاحی تقریب میں کیا کچھ نیا ہو گا؟

پیرس اولمپکس کے منتظمین کا دعویٰ ہے کہ اس مرتبہ ان عالمی کھیلوں کی افتتاحی تقریب ایک ایسی تقریب ہو گی جس کی مثال نہیں ملتی۔ جانیے کہ اس تقریب میں کیا کچھ ہو گا اور یہ کب منعقد ہو گی۔
Eiffel Tower with Olympic rings
Getty Images
یہ افتتاحی تقریب پیرس اولمپکس 2024 کا نقطۂ آغاز ہے

پیرس اولمپکس کے منتظمین کا دعویٰ ہے کہ اس مرتبہ ان عالمی کھیلوں کی افتتاحی تقریب ایک ایسی تقریب ہو گی جس کی مثال نہیں ملتی۔

ان عالمی کھیلوں کی اس افتتاحی تقریب کے لیے پہلی بار، وینیو کوئی سٹیڈیم نہیں بلکہ فرانس کے دارالحکومت پیرس کا مشہور دریائے سین ہو گا۔

آئیے جانتے ہیں کہ اس تقریب میں کیا کچھ ہو گا۔

منفرد افتتاحی تقریب سے کیا توقع رکھی جائے

اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب دریائے سین کے ساتھ چھ کلومیٹر طویل راستے پر منعقد ہو گی۔ یہ سفر آسٹرلٹز پل پل سے شروع ہو کر ایفل ٹاور کے زیرِ سایہ ٹروکیڈیرو میں باغات، فواروں اور محلات کے درمیان ختم ہوگا۔

اولمپک پریڈ میں تقریباً 100 کشتیاں شامل ہوں گی جن پر دس ہزار سے زیادہ ایتھلیٹس کے علاوہ اہم عالمی شخصیات سوار ہوں گی اور یہ کشتیاں پیرس کے مشہور مقامات بشمول نوٹری ڈیم کیتھیڈرل اور پونٹ نیوف کے قریب سے گزریں گی۔

کشتیاں نہ صرف پریڈ میں شامل کھلاڑیوں کو لے جانے میں استعمال کی جائیں گی بلکہ افتتاحی تقریب کے اس فنکارانہ حصے میں بھی کام آئیں گی جہاں پیرس اور فرانس کی تاریخ اور ثقافت کی نمائش ہو گی۔

اس تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں کی شناخت سمیت بہت سے حصوں کو ابھی خفیہ رکھا گیا ہے۔

تقریب کے آرٹسٹک ڈائریکٹر، فرانسیسی اداکار اور تھیٹر ڈائریکٹر تھامس جولی کا کہنا ہے کہ ’میں فرانس کو اس کے تمام تنوع میں دکھانا چاہوں گا۔‘

اس تقریب میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون ان عالمی کھیلوں کا باضابطہ افتتاح کریں گے جبکہ اولمپک مشعل بھی روشن کی جائے گی۔

اس تقریب کا نظارہ کرنے کے لیے جہاں ہزاروں افراد دریا کے کنارے جمع ہوں گے وہیں دنیا بھر میں کروڑوں افراد اسے اپنی ٹی وی سکرینز پر بھی دیکھ سکیں گے۔

River Seine
Getty Images
افتتاحی تقریب میں حاضرین دریائے سین کے کنارے نصب نشستوں پر بیٹھیں گے

تاریخ اور وقت - افتتاحی تقریب کب ہے؟

پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب جمعہ، 26 جولائی کو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے) شروع ہوگی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کا دورانہ چار گھنٹے سے کچھ کم ہو گا اور اس کا اختتام پیرس میں غروبِ آفتاب کے ساتھ ہی ہو گا۔

جمعہ کی شام کے لیے پیرس میں بہتر موسم کی پیشن گوئی ہے یعنی کہ تقریب کے موسمی حالات سے متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔

قوموں کا تعارف کس ترتیب سے ہوگا؟

اولمپکس کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، یونان پہلا ملک ہو گا جس کے دستے کو تقریب کے دوران متعارف کروایا جائے گا۔

یونان کے بعد پناہ گزینوں کی اولمپک ٹیم کی باری آئے گی۔ اس کے بعد حروفِ تہجی کے اعتبار سے ملکوں کے نام پکارے جائیں گے تاہم میزبان فرانس متعارف کرایا جانے والا آخری ملک ہو گا۔

روس اور بیلاروس کے وہ کھلاڑی جو یوکرین کی جنگ میں اپنے ممالک کے کردار کی وجہ سے انفرادی طور پر مقابلہ کر رہے ہیں وہ پریڈ میں حصہ نہیں لیں گے۔

پاکستانی دستے میں کون کون شامل ہے؟

پیرس اولمپکس میں سات پاکستانی کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جن میں سے علمبرداری کا اعزاز تیراک جہاں آرا نبی کے حصے میں آیا ہے۔

ان ایتھلیٹس میں جہاں آرا کے علاوہ ارشد ندیم، کشمالہ طلعت، گلفام جوزف، غلام مصطفیٰ بشیر، محمد احمد درانی اور فائقہ ریاض شامل ہیں۔

ان میں سے ارشد ندیم، کشمالہ طلعت، گلفام جوزف اور غلام مصطفیٰ بشیر کو اولمپکس میں براہِ راست انٹری ملی جبکہ جہاں آرا نبی، فائقہ ریاض اور محمد احمد درانی وائلڈ کارڈ انٹری پر اولمپکس میں شرکت کر رہے ہیں۔

سنہ 2021 میں جاپان کے شہر ٹوکیو میں منعقد ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں نو پاکستانی ایتھلیٹس نے حصہ لیا تھا، تاہم اس بار بھی کوئی پاکستانی کھلاڑی ملک کے لیے میڈل نہیں جیت سکا تھا۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.