تحریر (شازیہ انور)ڈراموں کی اپنی دنیا ہے‘ کچھ ڈرامے ابتدا میں دلچسپ محسوس ہوتے ہیں لیکن آگے چل کر بے مزہ ہوجاتے ہیں جیسے کہ جیو کا ڈرامہ ’’دل ناداں ‘‘جس کے آغاز سے قبل اس کی کاسٹ اور ٹیزر کو دیکھ کر لوگ اس کے بے چینی سے منتظر تھے۔
ڈرامے کی ابتدائی اقساط میں بھی یہ دلچسپی برقرار رہی ،جیسے جیسے کہانی آگے بڑھی ویسے ویسے یہ ڈرامہ اپنی قدر کھوتا چلا گیا جس کی وجہ کمزور کہانی اور بے جوڑ کرداروں کو قرار دیا جاسکتا ہے حالانکہ میکال ذوالفقار‘ امر خا ن اورعلی عباس جیسے نام کسی بھی ڈرامے کی کامیابی کی سند قرار پاسکتے ہیں تاہم بہت سی تکنیکی خامیوں کے باعث اس ڈرامے کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کیلئے ڈائریکٹر صائمہ وسیم اور رائٹر سعدیہ اختر کو سنجیدگی سے سوچنا چاہئے ۔
ڈرامے کا مرکزی کردار امر خان ادا کررہی ہیں جس کیلئے ہانیہ عامر جیسی کسی معصوم اداکارہ کا انتخاب کیا جانا چاہئے تھا ‘بہرکیف بات ہورہی تھی ڈراموں میں عوامی دلچسپی کی تو ہم نیٹ ورک کے ڈرامے ’’ہم دونوں ‘‘کی کہانی میں موجود روایتی محبت کے تکون کے سلسلے کی وجہ سے ابتدا میں لوگوں نے اس میں خاص دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا لیکن جیسے جیسے کہانی آگے بڑھ رہی ہے ویسے ویسے ڈرامے کی ریٹنگ بھی بڑھ رہی ہے۔
بے شمار پاکستانی ڈرامے امیر کبیر ہیروئن ‘ غریب ہیرو اور ایک رقیب روسیاہ کے گرد گھومتے ہیں’’ہم دونوں ‘‘کا بھی کچھ ایسا ہی سلسلہ تھا لیکن غریب ہیرو کی انا اور خودداری کو چکنا چور کرنے والا ہیروئن کا باپ (نعمان اعجاز) اور اس کے کرتوتوں میں شامل محبت کی تکون کا تیسرا کونا(زاویار نعمان) ‘ باپ کے اعمال کو جان لینے کے بعد علم بغاوت بلند کرنے والی اور باپ کے خلاف جانے والی بیٹی(کنزہ ہاشمی) ‘ دنیا سے لڑ کر ایک دوسرے کو حاصل کرنے والے اسد (اذان سمیع خان )اور وفا (کنزہ ہاشمی )کا شادی کے بعد ایک دوسرے سے اختلاف اور اسے خوبصورت انداز میں فلمایا جانا‘ لوگوں کو اس ڈرامے کے قریب لے آیا اور ہر گزرتی قسط کیساتھ لوگوں کی دلچسپی میں اضافہ ہورہا ہے۔
منفرد انداز میں لکھنے کے حوالے سے مشہور مصنفہ بی گل کا تحریر کردہ ڈرامہ ’’ہم دونوں ‘‘ایک بڑے اسکیل پر بنایا گیا ڈرامہ ہے جس میں کنزہ ہاشمی اور اذان سمیع خان کی شمولیت لوگوں کیلئے دلچسپی کا مظہر تھی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں کنزہ ہاشمی کا ڈرامہ ’’خوشبو میں بسے خط‘‘ عوامی پسندیدگی کی سند پاچکا ہے جس میں کنزہ نے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ اس ڈرامے میں بھی کنزہ ہاشمی حقیقت سے قریب اداکاری کرتی نظر آئیں‘ کسی بھی مقام پر انہیں کردار سے ہٹ کر نہیں پایا گیا ‘ نعمان اعجاز کی اداکاری تو ہوتی ہی شاندار ہے ان کے صاحبزادے زاویار نعمان نے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔
حال ہی میں عشق لا سے شہرت حاصل کرنے والے ڈرامے کا مرکزی کردار ادا کرنے والے اذان سمیع خان بھی بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں ۔آپ ایک بیٹے‘ ایک بھائی اور ایک شوہر کے روپ میں وہ اپنے کردار سے انصاف کرتے نظر آرہے ہیں۔
وفا اور اسد کی محبت کی کہانی ان کے سماجی و اقتصادی پس منظر میں واضح تضادات کی نشاندہی کرتی ہے ‘ جس میں وفا کا تعلق ایک امیر گھرانے سے ہے اور اسد معاشی مشکلات سے نبرد آزما ہیں۔ یہ معاشرتی تفرقہ ان کی محبت کی جڑوں کو کھودتا ہے لیکن وہ پنی مختلف سماجی حیثیت سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے ہمت سے نبرد آزما ہوتے رہتے ہیں ۔
سید عابص رضا کی ہدایتکاری ‘مومنہ درید پروڈکشنز اور مہروز کریم کے پروڈیوس کردہ اس ڈرامے کے ٹیزر نے اسد اور وفا کے درمیان مضبوط کیمسٹری کو اجاگر کیا اور مداحوں میں کافی توقعات پیدا ہوئیں ۔ڈرامہ چند اقساط کے بعد یکسانیت کا شکار نظر آیا لیکن حالیہ اقساط میں ہونے والی تبدیلیوں نے ایک بار ڈرامہ شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں نعمان اعجاز‘ زاویار نعمان اعجاز‘ بابر علی‘ رابعہ کلثوم اور حمیرا بانو شامل ہیں۔ ڈرامہ اب انتہائی دلچسپ موڑ میں داخل ہوگیا ہے اور بے صبری سے اس کی آنے والی اقساط میں وفا اور اسد کی محبت کے انجام کو دیکھنے کے منتظر نظر آرہے ہیں۔ہم دونوں ہر منگل کی شب 8 بجے پیش کیا جاتا ہے۔