بھارت کے مشہور گلوکار اور ریپر یو یو ہنی سنگھ نے ایک تقریب میں پاکستانی گانا گاتے ہوئے اور اس کے اصل گلوکار کو کریڈٹ دیتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کے دلوں میں گھر کر لیا۔
پاکستانی گانے بالی ووڈ میں ہمیشہ سے پسند کیے جاتے رہے ہیں، مگر ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ بھارت میں انہیں ان کا جائز کریڈٹ دیا جائے۔ حالیہ دیوالی پر یو یو ہنی سنگھ کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ اس ویڈیو میں ہنی سنگھ کو مشہور سرائیکی گانا ’بسم اللہ کراں‘ پر پرفارم کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس پرفارمنس کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ ہنی سنگھ نے پرفارمنس کے اختتام پر گانے کے اصل گلوکار ندیم عباس لونیوالا کو کھل کر کریڈٹ دیا، جس کے بعد ان کی تعریف کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر بھارتی گلوکار کے اس عمل کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ صارفین نے ہنی سنگھ کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف گانے کی پزیرائی کی بلکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میوزک کی طاقت کو بھی اجاگر کیا۔