ٹک ٹاک کو دفاتر بند کرنے کا حکم

image

کینیڈا نے چینی شارٹ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کا خطرہ قرار دیتے ہوئے اسے ملک سے اپنے تمام دفاتر بند کرنے کا حکم دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈین وزیر سائنس و صنعت فرانسس فلپ چمپیگن (Francois-Philippe Champagne) نے ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر اپنے آپریشنز کینیڈا میں بند کرنے کا حکم دیا۔

کینیڈین وزیر کے مطابق ٹک ٹاک کے دفاتر بند کیے جا رہے ہیں، ایپلی کیشن کے استعمال پر پابندی عائد نہیں کی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ حساس اداروں سمیت مختلف اداروں نے ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا، جس کے بعد ایپلی کیشن انتظامیہ کو اپنے دفاتر بند کرنے کا کہا گیا۔

اگرچہ انہوں نے واضح کیا کہ ٹک ٹاک پر پابندی نہیں لگائی جا رہی، تاہم ساتھ ہی انہوں نے کینیڈین عوام کو تجویز دی کہ مذکورہ ایپلی کیشن کا استعمال ترتیب وار کم کیا جائے تو بہتر ہے۔

اس سے قبل کینیڈین خفیہ ایجنسی کی سفارش پر بھی حکومت نے عوام کو ٹک ٹاک کے استعمال کو محدود کرنے کی تجویز دی تھی۔

کینیڈا کی حکومت نے سرکاری ڈیوائسز میں بھی ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی جب کہ وہاں ایپلی کیشن پر وقتا بوقتا دوسری پابندیاں بھی لگائی جاتی رہی ہیں۔

کینیڈین حکومت کی جانب سے دفاتر بند کرنے کے احکامات جاری کیے جانے کے بعد ٹک ٹاک نے حکومتی فیصلے کے خلاف عدالتوں سے رجوع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

ٹک ٹاک کے مطابق وہاں دفاتر ختم کرنے سے درجنوں مقامی افراد کی ملازمتیں ختم ہوں گی اور کسی کا روزگار ختم ہونا کسی کے لیے بھی فائدہ مند نہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.