بھارت میں شدید دھند کے دوران ڈرائیور کی مدد کے لیے گاڑی کے بونٹ پر بیٹھے ایک شخص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس پر صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے اور تنقید کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان کار کے بونٹ پر بیٹھا ہوا ہے اور ہاتھ کے اشاروں کے ذریعے اپنے دوست ڈرائیور کو راستہ دکھا رہا ہے۔ ویڈیو میں موجود ڈرائیور بتاتا ہے کہ دھند اس قدر شدید ہے کہ ہیڈ لائٹس تقریباً ناکارہ ہو چکی ہیں راستہ واضح نظر نہیں آ رہا اور یہ ایک آف روڈ پیچ ہے، اسی لیے بونٹ پر بیٹھا دوست رہنمائی کر رہا ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلی اور اب تک 12 ملین سے زائد ویوز حاصل کر چکی ہے۔ صارفین نے اس عمل کو انتہائی لاپرواہی اور خطرناک قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ "یہ حادثے سے پہلے ہی ٹھنڈ سے مر جائے گا"، جبکہ دوسرے نے لکھا کہ "ایسے خطرناک اسٹنٹس جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتے ہیں۔
ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں اس شخص کو "ہیومن ریڈار" قرار دیا۔ ماہرین کے مطابق دھند کے دوران اس طرح کے غیر محفوظ اقدامات نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان کو بھی خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔