افغان کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر رحمان اللہ گرباز نے بھارت کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی اور پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی رحمان اللہ گرباز نے اپنے کیریئر کی 8ویں ون ڈے سینچری بنا کر افغانستان کو بنگلہ دیش کے خلاف 5 وکٹوں سے جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
رحمان اللہ گرباز کی شانداز اننگز کے باعث افغانستان نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں فتح کے ساتھ 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز جیت لی۔
رحمان اللہ گرباز نے ٹیم کو سیریز میں کامیابی دلانے کے ساتھ ساتھ سینچری بناتے ہوئے سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی اور بابر اعظم کا ون ڈے ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف 101 رنز کی اپنی شاندار اننگز کے ساتھ، 22 سالہ 346 دن کے گرباز 8 ون ڈے سینچریاں بنانے والے دوسرے کم عمر ترین بلے باز بن گئے، پہلے نمبر پر جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک ہیں۔
ڈی کاک نے یہ کارنامہ 22 سال 312 دن کی عمر میں انجام دیا تھا اس کے ساتھ ہی گرباز نے سچن ٹنڈولکر کا (22 سال اور 357 دن)، ویرات کوہلی کا (23 سال اور 27 دن) اور پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم کا (23 سال اور 280 دن) کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔