پاکستان اور بھارتی بورڈ کے درمیان کرکٹ تنازع کے بیچ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی چمچماتی ٹرافی میزبان ملک پاکستان پہنچ گئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپینز ٹرافی دبئی سے اسلام آباد پہنچا دی، شیڈول کے مطابق 16 نومبر سے چیمپینز ٹرافی ٹور کا آغاز ہونا ہے، 24 نومبر تک جاری رہنے والے ٹرافی ٹور کا آغاز اسکردو سے ہوگا۔
اسکردو کے بعد چیمپینز ٹرافی کو کےٹو بیس کیمپ لے جایا جائے گا، یہ پہلا موقع ہے کہ چیمپینز ٹرافی شیڈول کے اعلان کے بغیر ہی ٹرافی ٹور شروع ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک برقرار ہے تاہم پاکستان میں ٹرافی بھیجنے سے قبل آئی سی سی نے میگا ایونٹ کی نئی ویژول آئیڈنٹیٹی جاری کردی ہے جس میں پاکستانی رنگ نمایاں ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کی نئی ویژول آئیڈنٹیٹی ویڈیو جاری کی ہے، ویڈیو میں چیمپئینز ٹرافی 2025ء پاکستان کا لوگو بھی نمایاں ہے جبکہ ٹرافی برانڈ کا نیا ٹائپو گرافک لوگو بھی جاری کردیا ہے۔
اس ویڈیو میں کرکٹ کے یادگار لمحات کو دکھایا گیا ہے لیکن ویڈیو میں ایک اور خاص بات ہے، اس ویڈیو میں سب سے نمایاں رنگ پاکستانی نظر آ رہا ہے، پاکستان کا مشہور ٹرک آرٹ دکھایا گیا ہے جب کہ رکشے کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگا دکھایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستانی کرکٹرز کے کئی ناقابل فراموش کارکردگی کے مناظر بھی اس ویڈیو کا حصہ ہیں۔ ان میں سابق چیمپئن کپتان سرفراز احمد کا لندن میں 2017 میں فائنل میں بھارت کو عبرت ناک شکست کے بعد چیمپئنز ٹرافی اٹھانے کا ناقابل فراموش منظر بھی شامل ہے۔
آئی سی سی کلینڈر میں چیمپئنز ٹرافی 7 سال بعد کھیلا جارہا ہے، یہ ایونٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے اور پاکستان میزبان ہونے کے ساتھ اس ٹورنامنٹ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔