قومی کرکٹر امام الحق نے سوشل میڈیا پر معنی خیز پیغام دیا ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں امام الحق کا کہنا تھاکہ نتیجہ میری توقع کے مطابق نہیں ہے لیکن سفر ابھی ختم نہیں ہوا یہی زندگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کچھ یہی ہے کہ ہر مشکل کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور خود کو مضبوط بنانا ہے اورسب سے اہم صبر اور اللہ پر بھروسہ ہے۔
امام الحق نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر پیغام لکھا، امام الحق ون ڈے اسکواڈ کے لیے امیدوار سمجھے جا رہے تھے لیکن انہیں اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں بیٹرز بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، اور طیب طاہر شامل ہیں جبکہ آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف، خوشدل شاہ اور سلمان علی آغا (نائب کپتان) اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
15 رکنی اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹرز محمد رضوان (کپتان) اور عثمان خان بھی شامل ہیں۔
بولرز میں اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولرز حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔