افغانستان کا واحد فائیو سٹار ’سرینا ہوٹل‘ بند، انتظام طالبان کے ہاتھ میں

image
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واحد لگژری سرینا ہوٹل بند ہو گیا ہے کیونکہ اس کا انتظام طالبان کی ایک کارپوریشن نے سنبھال لیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق 1945 میں کھلنے والے اس ہوٹل کا نام پہلے کابل ہوٹل تھا۔ کئی دہائیوں سے جاری جنگ میں نقصان کا شکار ہونے والے اس فائیو سٹار ہوٹل کی 2005 میں آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک نے کینیڈین آرکیٹیکٹ رمیش کھوسلہ کے کلاسیکی اسلامک طرز تعمیر کے ڈیزائن کے مطابق دوبارہ تعمیر کی تھی۔

جمعے کو ہوٹل نے ایک نوٹی فکیشن میں کہا کہ ’دو دہائیوں تک افغانستان اور اس کے شہریوں کی خدمت کرنے کے بعد کابل سرینا ہوٹل یکم فروری 2025 سے اپنا آپریشن بند کر رہا ہے۔ اب سے ہوٹل کا آپریشن حکومتی کارپوریشن کے ہاتھ میں ہوگا۔‘

طالبان کے زیر انتظام کارپوریشن نے عرب نیوز کو اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سرینا ہوٹل کا معاہدہ مقررہ وقت سے پانچ برس پہلے ختم کر دیا گیا۔

تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ کارپوریشن ایک فائیو سٹار ہوٹل کے مطابق سروسز فراہم کر سکے گی۔

کابل میں ایک افغان نژاد امریکی صحافی علی لطیفی نے کہا کہ ’کچھ امیر لوگوں کے علاؤہ زیادہ تر افغان شہری اس ہوٹل میں کھانا یا رات نہیں گزار سکتے تھے لہذا ان کا اس کے ساتھ کوئی لگاؤ نہیں تھا۔ عام افغان شہریوں کو اس کا تجربہ نہیں تھا۔‘

یہ ہوٹل 2021 میں اس وقت بحث کا موضوع بھی بنا تھا جب ایک انڈین صحافی نے کہا کہ اس کی چوتھی منزل پر پاکستانی خفیہ ایجنسی کا دفتر ہے، حالانکہ اس کی صرف دو منزلیں ہیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.