کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے والدین سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی درخواست کر دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر مراد علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم 3 تا 9 فروری تک جاری رہے گی۔ اور صوبے میں ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں۔ جبکہ پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے 21 ہزار 844 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں پولیس کا کردار قابل تعریف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں رواں ماہ ایم پاکس کا دوسرا کیس سامنے آگیا
پولیو سے متعلق مزید گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان دنیا کے صرف ان 2 ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس موجود ہے۔
انہوں نے والدین سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز بچوں کے مستقبل کے محافظ ہیں ان کی عزت کی جائے۔ پولیو ویکسین محفوظ، مؤثر اور مفت ہے۔ اور بار بار خوراک دینے سے ہی بچے کی قوت مدافعت مضبوط بنتی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ سمیت پورے ملک کو پولیو فری بنانے میں ہر ایک فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔