انڈیا میں بِپھرے ہوئے جنگلی ہاتھی کا حملہ، موٹرسائیکل سوار جرمن سیاح ہلاک

image

انڈیا میں پولیس کا کہنا ہے کہ تامل ناڈو کے فارسٹ ریزرو میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح  ہاتھی کے حملے میں ہلاک ہوگیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 77 برس کے جرمن شہری منگل کو کرائے پر حاصل کیے گئے موٹرسائیکل پر تامل ناڈو کی ریاست میں ٹائیگر ویلی سے گزر رہے تھے۔ 

اس دوران جنگل کو جانے والی سڑک پر ایک بِپھرے ہوئے ہاتھی نے غیر ملکی سیاح پر حملہ کردیا اور اسے درختوں میں پھینک دیا۔

مقامی پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ’جرمن سیاح نے وہاں سے گزرنے والے دیگر افراد کی ہدایات کو نظرانداز کیا جنہوں نے ہاتھی کو دیکھنے کے بعد اس سے فاصلہ برقرار رکھا اور بعدازاں آگے بڑھ گئے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہاتھی کے حملے کے بعد غیر ملکی سیاح کو مقامی ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔‘

پولیس نے کہا ہے کہ ’مرنے والے سیاح کی فیملی سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ہمیں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔‘

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ’موقعے پر موجود دیگر افراد کی جانب سے تنبیہہ کے باوجود سیاح نے ہاتھی کی جانب اپنا سفر جاری رکھا اور ہاتھی کو دیکھ کر زور سے ہارن بھی بجایا تاکہ وہ سائیڈ سے گزر جائے۔‘

فارسٹ افسر جی وینکاٹش نے بتایا کہ ’جرمن سیاح کی جانب سے وارننگ کو نظرانداز کرنے اور ہاتھی کی موجودگی میں سڑک پار کرنے کی کوشش کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

واضح رہے کہ انڈیا میں ایک اندازے کے مطابق 30 ہزار ایشیائی جنگلی ہاتھی موجود ہیں، اور مقامی افراد کی جانب سے جنگل کی جانب جانے کی صورت میں وہ اکثر اوقات اُن پر حملہ کر دیتے ہیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.