انڈیا: ’چھٹی کی درخواست مسترد ہونے پر‘ سرکاری ملازم کا ساتھیوں پر چاقو سے حملہ

image
انڈیا کی ریاست مغربی بنگال میں ایک سرکاری ملازم نے چھٹی کی درخواست مسترد ہونے پر اپنے چار ساتھیوں کو چاقو کے وار سے زخمی کر دیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ملزم امیت کمار سرکار کولکتہ کے نیو ٹاؤن علاقے میں کریگاری بھون کے ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں امیت کمار کو دن کی روشنی میں ہاتھ میں خون آلود چاقو پکڑے شہر کی سڑکوں پر گھومتے دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ راہگیر اپنے موبائل فون پر ان کی ویڈیو بنا رہے ہیں جبکہ ملزم انہیں خبردار کرتا ہے کہ وہ اس کے قریب نہ آئیں۔

ویڈیو میں راہگیروں کو ملزم سے ہتھیار چھوڑنے کی درخواست کرتے سنا جا سکتا ہے۔

ایک سینیئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ ’شمالی 24 پرگنہ ضلع کے رہائشی امیت سرکار، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے محکمے میں کام کرتے ہیں۔ آج صبح چھٹی لینے کی بات پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ جھگڑے کے بعد انہوں نے ان پر چاقو سے حملہ کیا اور پھر فرار ہونے کی کوشش کی۔‘

زخمی ساتھیوں کو علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق جب امیت کمار سرکار کو چھٹی دینے سے انکار کیا گیا تو وہ بھڑک اُٹھے۔ تاہم، تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں چھٹی کیوں نہیں دی گئی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پولیس پوچھ گچھ کے دوران امیت کمار نے الزام لگایا کہ تلخ کلامی کے دوران ان کے ساتھیوں نے ان کے والد کے بارے میں ’نازیبا تبصرے‘ کیے تھے جس سے وہ مشتعل ہو گئے۔

حکام نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم کو دماغی صحت کے مسائل لاحق ہیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.