امریکہ کا اسرائیل کو سات ارب ڈالر سے زائد کے ہتھیار فروخت کرنے کا منصوبہ

image
امریکہ کے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اسرائیل کو سات ارب ڈالر سے زائد کے ہتھیار فروخت کرنے کے اپنے منصوبے سے کانگریس کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق یہ پیش رفت وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کے دو دن بعد جمعے کو سامنے آئی ہے۔

امریکہ کی جانب سے متوقع طور پر اسرائیل کو ہزاروں بم اور میزائل فراہم کیے جائیں گے۔

ہتھاروں کی فراہمی کا یہ منصوبہ ایسے وقت میں سامنے لایا گیا جب ابھی اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ کافی نازک مرحلے میں ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ کو فلسطینیوں سے خالی کروانے اور تعمیرِنو کے بعد اسے سیاحتی مقام بنانے کی تجویز پر بھی بڑے پیمانے پر تنقید ہو رہی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد اسرائیل کو دو ہزار پاؤنڈ والے بموں کی ترسیل کی اجازت دے دی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ کو فلسطینیوں سے خالی کروانے کی تجویز دی تھی (فائل فوٹو: روئٹرز)

ان بموں کی ترسیل پر جو بائیڈن انتظامیہ نے اس خدشے کے تحت روک لگا رکھی تھی کہ ان سے سویلینز کی ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے ان بموں کی ترسیل کی جازت دے دی ہے کیونکہ ’اسرائیل نے وہ خرید رکھے ہیں۔‘

سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق جمعے کو کانگریس کو ہتھیاروں دو الگ الگ کھیپوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جن میں سے ایک چھ اعشاریہ 75 ارب ڈالر کی ہے۔ اس میں گولہ بارود، گائیڈنس کِٹس اور دیگر متعلقہ سامان کے ساتھ ساتھ چھوٹے قطر کے 166 بم ، پانچ پاؤنڈ وزن کے 2800 بم وغیرہ شامل ہیں۔

ان ہتھیاروں کی فراہمی رواں برس شروع ہو جائے گی۔

اسرائیل کے لیے امریکی ہتھیاروں کی دوسری کھیپ میں تین ہزار ہیلفائر میزائل اور ان سے متعلق سامان شامل ہے۔

ان ہتھیاروں کی مالیت 660 ملین ڈالر ہے اور ان کی ترسیل کا آغاز سنہ 2028 میں متوقع ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.