گوجرانوالہ: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین دُعائیں کر رہے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ترقیاتی منصوبوں کیا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور میں ہم پر پرچے کاٹے جاتے تھے۔ لیکن مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال پہلے ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی بات کی جاتی تھی۔ اور ایک طرف ملک کو بچانے والے اور دوسری طرف ملک کو تباہ کرنے والے تھے۔ اُن کے دور میں ہمارے شروع کیے گئے منصوبے بھی تباہ ہوئے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہمارے مخالفین دعائیں کر رہے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کرے۔ لیکن آج مالیاتی ادارے پاکستان کی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں۔ اور ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے۔ شہباز شریف کی قیادت میں ملک ڈیفالٹ سے بچ کر استحکام کی طرف جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کہا آپ لوگ 9 مئی والے اور ہم 28 مئی والے ہیں۔ انہوں نے 190 ملین پاونڈ غبن کیا۔ اور پوری دنیا میں ہیڈ لائنیں لگیں کہ پاکستان کا ایک وزیراعظم تھا جس نے 190 ملین پاؤنڈ کا غبن کیا۔ پی ٹی آئی دور میں ملک کی ترقی کا سفر رک گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: امیر جماعت اسلامی کا پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر کمی کا مطالبہ
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے نواز شریف کے خلاف سازش کی لیکن پانامہ میں سے اقامہ نکلا۔ انہوں نے اس کے خلاف سازش کی جس نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا ہے۔ پی ٹی آئی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے قوم کو تقسیم کیا تھا لیکن آج آپ کی پارٹی کے ٹکڑے ہوچکے ہیں۔ آپ نے نیک نیتی نہیں بلکہ لوٹ مار کے لیے سیاست کی۔ سوشل میڈیا کا بھی بخار اتر گیا۔ جبکہ اس بخار نے خاندانوں میں لڑائی کروائی، نفرت پھیلائی۔ اور سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کے ذہن میں زہر گھولا گیا۔ دوسروں کو تقسیم کرنے والے خود اندر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خط لکھنے والوں نے ملک میں ایک اینٹ نہیں لگائی۔ اور انہوں نے خدمت کی سیاست نہیں بلکہ انتقام کی سیاست کی۔ انہوں نے افواج کے خلاف ٹرینڈ چلائے جو ملک کے لیے روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو برباد کیا، ملک میں انتشار پھیلایا اور دہشتگردوں کو واپس لے آئی۔ شہباز شریف ڈی جی خان جائیں یا مریم نواز نارووال، جلسہ کچھا کھچ بھرا ہوتا ہے۔ جھوٹ اور نفرت کی سیاست اس ملک سے دفن ہوچکی ہے۔