پاکستانی ریپر طلحہ انجم حالیہ کنسرٹ کے دوران پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعے کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طلحہ انجم اسٹیج پر موجود ہیں جب وہ ہجوم کی طرف اشارہ کرتے ہیں اور کسی فرد کو اسٹیج پر لانے کا کہتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، یہ شخص وہی تھا جس نے مبینہ طور پر طلحہ انجم کی جانب بوتل پھینکی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طلحہ انجم اور ان کے ساتھ موجود ایک اور شخص اسے بالوں سے پکڑ کر اسٹیج کی جانب گھسیٹتے ہیں، جس کے بعد سیکیورٹی اہلکار اسے بیک اسٹیج لے جاتے ہیں۔
اس واقعے نے سوشل میڈیا پر مختلف آرا کو جنم دیا ہے۔ کچھ صارفین طلحہ انجم کے ردِعمل کو غیر مناسب اور جارحانہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر اس عمل کو ایک قدرتی ردِعمل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ فی الوقت طلحہ انجم یا ان کی ٹیم کی طرف سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
وائرل ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے اور اس کے بعد سیکیورٹی کے انتظامات پر بھی کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔