سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پُرتشدد رویئے قوم اور ملک کے لیے باعث شرم ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام لوگ مذہبی یگانگت اور رواداری کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ شہر سیالکوٹ تمام دنیا کی سکھ برادری کے لیے بین الاقوامی سطح رکھے گا۔ اور اس مٹی پر ہم سب کا بلاتفریق حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پہلے اسپیکر ہندو تھے۔ اور جسٹس کارنیلئس ہمارے چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔ جن چیف جسٹس صاحبان پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا جسٹس کارنیلئس ان میں سرفہرست تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا مذہب بردباری سکھاتا ہے جو مذہب کا بنیادی جز ہے۔ لیکن ہمارے ملک میں وقتاً فوقتاً پرتشدد واقعات نظر آتے ہیں جو ہماری بدقسمتی ہے۔ قائد اعظم کا پہلا خطبہ اقلیتی برادری کو مساوی حقوق کی فراہمی پر منحصر تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں تمام پاکستانیوں کو یکساں حقوق میسر ہونے چاہیئیں۔ مذہب اور نسل کے نام پر کوئی تفریق نہیں ہونی چاہیئے۔
یہ بھی پڑھیں: 2 سال کے دوران پاکستان کو 4 ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا، عمر ایوب
وزیر دفاع نے کہا کہ ماضی میں پنجاب میں اقلیتوں کا محکمہ فارغ تھا۔ لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے اب یہ محکمہ اقلیتی برادری کے حقوق کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے لیے جو کام کر رہی ہے وہ خوش آئند ہے۔ ہمارا مذہب سکھاتا ہے تمام اقلیتیں ہنسی خوشی رہیں۔ اور ہم اس ملک کو مذہبی منافرت سے پاک کریں گے۔