’گوگل والٹ‘ پاکستان میں لانچ: آپ کے بینک کارڈ کا متبادل یہ ایپ کیسے کام کرتی ہے؟

گوگل والٹ کے لانچ سے پاکستان میں صارفین کے لیے ایک اور ڈیجیٹل پیمنٹ پلیٹ فارم کا اضافہ ہو گیا ہے۔ گوگل کے مطابق اس کا والٹ ایپ دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔
گوگل والٹ
Getty Images

پاکستان میں ڈیجیٹل پیمنٹ کے بڑھتے رجحان کے پیشِ نظر گوگل نے پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے استعمال ہونے والا اپنا گوگل والٹ لانچ کر دیا ہے۔

گوگل کے مطابق اس کا والٹ ایپ دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ والٹ اینڈرائیڈ آلات استعمال کرنے والے صارفین کے لیے پیمنٹ کارڈز، لائلٹی کارڈز اور بورڈنگ پاسز جیسی ضروری چیزوں تک رسائی کا ایک محفوظ، آسان اور مددگار طریقہ ہے۔

گوگل والٹ کیا ہے؟

گوگل والٹ جو پہلے ’گوگل پے‘ کے نام سے جاتا تھا اینڈرائیڈ آلات پر ادائیگیوں کا ایک ڈیجیٹل نظام ہے۔

یہ ایک ڈیجیٹل والِٹ ہے جو صارفین کو اپنے اینڈرائیڈ فون کے ذریعے ادائیگیاں کرنے، لائیلٹی کارڈز، بورڈنگ پاسز، ٹرین ٹکٹس اور دیگر کئی طرح کے کارڈز محفوظ کرنے کی اجازت دیتا ہے جو آپ کی آن لائن ادائیگیوں کو آسان بناتی ہیں۔

والٹ کے ذریعے پاکستانی صارفین نہ صرف آن لائن شاپنگ بلکہ جن دکانوں پر ٹیپ اینڈ پے سہولت دستیاب وہاں اپنے موبائل فونز کے ذریعے ادائیگیاں کر پائیں گے۔

اس کے علاوہ صارفین سفر کے دوران اپنے بورڈنگ پاس تک باآسانی رسائی حاصل کر پائیں گے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ اس والٹ کے ہوتے ہوئے صارفین کو فزیکل کارڈز اپنے ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ ’پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور جیسے جیسے مزید لوگ ڈیجیٹل لین دین کو اپنا رہے ہیں، گوگل والٹ ایک محفوظ، آسان اور مؤثر طریقہ فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے صارفین ادائیگیاں کر سکتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ گوگل والٹ کے لانچ سے پاکستان میں معاشی مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 2023 کے اختتام میں پاکستان کی 64 فیصد آبادی کے بینک اکاؤنٹ تھے۔

رواں سال مرکزی بینک کی جانب سے مالی شمولیت کاتیسرا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت سال 2028 تک ملک کی 75 فیصد بالغ آبادی کے اکاؤنٹ کھلوانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

گوگل والٹ کے استعمال کا طریقہ

اگر آپ کے پاس کوئی قابلِ استعمال کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ ہے تو پلے سٹور سے گوگل والٹ کی ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کرنے پر ایپلیکیشن آپ کو پیمنٹ کارڈز، بورڈنگ پاسز، لویلٹی کارڈز وغیرہ شامل کرنے کا آپشن دے گا۔ تصدیق کا عمل مکمل ہونے پر آپ کا کارڈ والٹ میں ایڈ ہو جائے گا۔

اگر کسی صارف کا قابل استعمال کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ اس کے کے گوگل اکاؤنٹ میں محفوظ ہے تو وہ خود بخود گوگل والٹ میں شامل ہوجائے گا۔

کارڈز کے شامل ہونے کے بعد آپ گوگل والٹ کو مجاز پوائنٹ آف سیل ٹرمینلز پر کنٹیکٹ لیس ادائیگیوں کے لیے استعمال کر سکیں گے۔

گوگل کہ جانب سے جاری بیان کے مطابق بینک الفلاح (ویزہ، ماسٹر کارڈ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز)، بینک آف پنجاب (ماسٹر کارڈ کریڈٹ کارڈز)، فیصل بینک نور (ماسٹر کارڈ ڈیبٹ کارڈز)، ایچ بی ایل (ویزہ، ماسٹر کارڈ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز)، جاز کیش (ماسٹر کارڈ ڈیبٹ کارڈز)، میزان بینک (ویزہ اور ماسٹر کارڈ ڈیبٹ کارڈز) اور یو بی ایل (ویزہ اور ماسٹر کارڈ ڈیبٹ کارڈز) کے کارڈ ہولڈرز اپنے کارڈز کو گوگل والٹ میں اسے شامل کر سکیں گے اور اپنے اینڈرائیڈ فونز یا ویئر او ایس(Wear OS) ڈیوائسز کی مدد سے ادائیگیاں کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ گوگل والٹ کو اِن ایپ ادائیگیوں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ صارفین باتک ایئر اور تھائی ایئرویز کے بورڈنگ پاسز بھی گوگل ویلیٹ میں شامل کرسکتے ہیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ والٹ میں شامل بورڈنگ پاسز کے متعلق ایپ کے ذریعے مسافروں کو روانگی کے وقت اور گیٹ میں تبدیلی وغیرہ کے بارے میں اطلاع ملتی رہے گی۔

گوگل کا کہنا ہے کہ جلد ہی مزید بینک کارڈز کو گوگل والٹ میں شامل کیے جا سکیں گے۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.