ترجمان پاک فوج نے جعفر ایکسپریس حملے پر کہا ہے کہ بھارتی میڈیا ایک بیانیے کے تحت پروپیگنڈا کرتا رہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مشترکہ پریس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے، چین، امریکہ، ترکیہ، بحرین اور دیگر ممالک نے دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کی۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے یرغمالیوں کو بازیاب کرایا، بہادر افواج کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نہتے مسافروں کے ساتھ دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا، پاکستان کو دہشتگرد توڑنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو بلوچ نہ کہا جائے، دہشتگردوں کا بلوچ سے کوئی تعلق نہیں۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خاتمے کے بغیر مکمل امن نہیں ہو سکتا، وزیراعظم
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واقعہ کے بارے میں کہا کہ دشوار گزار پہاڑی علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا، جہاں واقعہ ہوا وہاں کوئی موبائل سگنل کام نہیں کرتا، جائے وقوعہ کے قریب ایف سی کا پکٹ بھی تھا،ترجمان پاک فوج نے کہا کہ واقعے میں ابتدائی طورپر تین ایف سی کے جوان شہید ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں نے خواتین کو ٹرین میں رکھا باقی افراد کو باہر لے آئے، دہشت گردوں نے ٹولیوں کی صورت میں معصوم شہریوں کو باہر رکھا، دہشت گردی کے دوران بھارتی میڈیا بھرپور پروپیگنڈا کررہا تھا، بھارتی میڈیا مصنوعی ذہانت کی مدد سے رپورٹنگ کرتا رہا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ جس علاقے میں واقعہ ہوا وہاں پہنچنا مشکل تھا، جائے وقوعہ سے بھارتی میڈیا پر چلنے والی فوٹیجز اے آئی کی تھی، بھارتی میڈیا ایک بیانئے کے تحت پروپیگنڈا کرتا رہا، سوشل میڈیا سے پرانی فوٹیجز اٹھا کر بھارتی میڈیا چلاتا رہا۔