اسلام آباد میں احتجاج روکنے کیلئے گزشتہ 5 سالوں میں ایک ارب سے زائد خرچ کر دیے گئے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے وقفہ سوالات میں وزارت داخلہ نے گزشتہ پانچ سال کے دوران اسلام آ باد میں احتجاج کو روکنے سے متعلق اخراجات کی تفصیلات پیش کر دیں۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ 5 سال میں ریڈ زون میں اعلان کردہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے 1 ارب 35 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے گئے۔
عوام کو بجلی کی قیمتوں میں بڑا ریلیف ملنے کا امکان
وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق سال 2019-20 میں اسلام آباد میں ا حتجاج کو روکنے کیلئے 15 کروڑ 77 لاکھ 61 ہزار روپے کا خرچا آیا۔
سال 2020-21 میں اسلام آباد میں احتجاج کو روکنے کے لیے 9 کروڑ 61 لاکھ 35 ہزار روپے جبکہ سال 2021-22 میں اس مد میں 27 کروڑ 79 لاکھ 48 ہزار روپے خرچ کیے گئے۔
سال 2022-23 میں اسلام آباد میں احتجاج روکنے کیلئے 72 کروڑ 40 لاکھ 31 ہزار روپے خرچ ہوئے جبکہ سال 2023-24 میں احتجاج کو روکنے کیلئے 10 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔