بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اپنے مشہور اور پرتعیش گھر ’منت‘ کو چھوڑ کر کہیں اور شفٹ ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔
یہ وہی گھر ہے جس کی بالکنی میں کھڑے ہو کر وہ کبھی کبھار مداحوں کو درشن بھی دیا کرتے ہیں۔
کچھ روز قبل جب فلمسٹار کے گھر چھوڑنے کی خبریں سامنے آئیں تو یہ سوال بھی اٹھا کہ اس کی وجہ کیا ہے، جس کا جواب اب این ٹی وی کی رپورٹ میں مل گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کی جانب سے یہ فیصلہ ’منت‘ کی تزئین و آرائش کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس کا کام مئی میں شروع ہو گا۔
اس دوران اداکار اپنی فیملی کے ہمراہ پالی ہل کے ایک اپارٹمنٹ میں رہیں گے، جو کہ پوجا کاسا بلڈنگ میں ہے۔
شاہ رخ خان کے گھر کی طرح یہ بھی کوئی عام اپارٹمنٹ نہیں ہے بلکہ انتہائی لگژری ہے۔
یہ اپارٹمنٹ بیش قیمت منت سے تقریباً 50 فیصد چھوٹا ہے اور اس کا تین سال کرایہ آٹھ کروڑ 70 لاکھ روپے بنتا ہے، اس حساب سے اس کا مہینے کا کرایہ 24 لاکھ 15 ہزار انڈین روپے بنتا ہے جبکہ سکیورٹی ڈیپازٹ کے طور پر جمع ہونے والی رقم تقریباً 67 لاکھ ہے۔
یہ تقریباً ساڑھے 10 ہزار مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے۔ پوجا کاسا بلڈنگ بھگنانی فیملی کی ملکیت ہے، اور وہ خود بھی اسی عمارت میں رہائش پذیر ہے۔
اگرچہ فلیٹ میں موجود سہولتوں کی زیادہ وضاحت نہیں کی گئی تاہم اس کو انتہائی پرتعیش قرار دیا گیا ہے جو کہ ایک اونچی عمارت میں واقع ہے۔
یہ بلڈنگ منت سے صرف تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
پالی ہل کے اس علاقے میں دیگر متعدد بالی وڈ بھی رہائش پذیر ہیں، جن میں سنجے دت، عالیہ بھٹ اور عامر خان بھی شامل ہیں۔