ملک بھر میں آج یوم پاکستان کے 85 برس مکمل ہونے کا دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ رمضان المبارک کی وجہ سے 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریبات کو محدود پیمانے پر روایتی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، جس میں لاہور میں 21 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔
لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں پاک فوج کے چاک و چوبند جوانوں نے توپوں کی سلامی دی۔ اس موقع پر جوانوں نے نعرہ تکبیر "اللہ اکبر" اور "پاکستان زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے، جس سے فضا قومی جذبات سے گونج اٹھی۔
یوم پاکستان کے موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ نماز فجر کے بعد مختلف مساجد میں علمائے کرام اور نمازیوں نے ملک کی سربلندی اور سلامتی کے لیے دعائیں مانگیں۔
رواں سال یوم پاکستان کی مرکزی تقریب روایتی پریڈ کو محدود پیمانے پر ایوان صدر کے احاطے میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے دستے بھرپور شرکت کریں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے، مسلح افواج کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھی ایوانِ صدر کے سامنے فلائی پاسٹ کیا جبکہ پاکستان آرمی کا مایہ ناز پائپ اینڈ پرکشن بینڈ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
تقریب میں غیر ملکی سفراء اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ یوم پاکستان کی یہ تقریبات ملک بھر میں قومی یکجہتی اور جذبہ حب الوطنی کی عکاس ہے۔
لاہور میں شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈ کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز کی جگہ اعزازی گارڈز کی ذمہ داری سنبھالی۔ تقریب میں سول اور عسکری حکام بھی شریک ہوئے، جبکہ ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی مہمان خصوصی تھے۔
ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے پریڈ کا معائنہ کیا، ایئر فورس اور رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
یوم پاکستان کے موقع پر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ لاہور کے واہگہ بارڈر اور قصور کے گنڈا سنگھ والا بارڈر پر بھی بیٹ ریٹریٹ تقریبات منعقد ہوں گی۔ ان تقریبات میں پاک فوج، رینجرز اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی، جو قومی پرچم کو سلامی دے کر مادر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔
سروسز چیفس کی مبارک باد
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کویومِ پاکستان کی 85ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں یوم پاکستان کے موقع پر سروسز چیفس نے کہا ہے کہ 23 مارچ وہ دن جب ایک آزاد وطن کے قیام کا خواب حقیقت میں ڈھلنے کی راہ پر گامزن ہوا۔
اعلامیے میں سروسز چیفس نے کہا کہ یہ دن ہمارے ایمان، امید اور ثابت قدمی کی علامت ہے، جو پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے، پاکستان جمہوری اقدار اور اسلامی اصولوں کی روشنی میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
آئی ایس پی آر کے علامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنے جمہوری اداروں کے استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پوری قوت کے ساتھ کوشاں ہے جبکہ پاک افواج اپنی سرحدوں کے دفاع اور مادرِ وطن کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمے دار اور مضبوط رکن ہے، پاکستان امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں مصروفِ عمل ہے، ہم ایک متحد قوم کے طور پر روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں اپنے پائیدار استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ مسلح افواج اس امن کا دفاع جاری رکھیں گی اور یہ ہماری قومی شناخت کی علامت ہے، پاکستان امن کا پیامبر ہے، اور ہم اس کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، ان شاء اللہ۔