’وہ کبھی میرے دوست نہیں رہے‘، عمران ہاشمی کا جاوید شیخ کے بیان پر ردعمل

image

بالی وڈ کے مشہور اداکار عمران ہاشمی نے پاکستان کے سینیئر اداکار جاوید شیخ کی جانب سے نامناسب رویے کے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ ’انہیں اداکار کے ساتھ پہلی ملاقات یاد ہی نہیں۔‘

جاوید شیخ نے مارچ کے آغاز میں ایک ٹی وی پروگرام میں عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پربات کرتے ہوئے اداکار کے نامناسب رویے کا انکشاف کیا تھا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق عمران ہاشمی نے کہا ہے کہ ’مجھے ان کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات یاد ہی نہیں کیونکہ یہ بہت عرصہ پہلے ہوئی تھی لیکن مجھے یاد ہے کہ میرے اور جاوید شیخ کے ہمیشہ خوشگوار تعلقات رہے۔‘

عمران ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ ’ان کا بیان عجیب ہے، اس وقت میری عمر 20 سال تھی اور وہ میری عمر کے نہیں تھے، اس لیے ہم کبھی دوست نہیں بن سکے لیکن وہ جو کہہ رہے ہیں اس حوالے سے مجھے کچھ یاد نہیں، مجھے نہیں معلوم کہ جاوید شیخ اپنے ساتھ کیا واپس لے کر گئے۔‘

جاوید شیخ نے کہا تھا کہ ’مہیش بھٹ فلم ’جنت‘ کے پروڈیوسر تھے اور اس فلم کا ایک نیا ڈائریکٹر تھا، جب مجھے فلم کی سٹوری بتائی گئی تو اس وقت تک میری ملاقات عمران ہاشمی سے نہیں ہوئی تھی، اس کے بعد فلم کی شوٹنگ کے دوران ڈائریکٹر نے جب عمران ہاشمی سے میرا تعارف کروایا تو میں نے ملنے کے لیے ہاتھ آگے بڑھایا تو عمران ہاشمی منہ موڑ کر چلے گئے جس پر مجھے بہت غصہ آیا تھا۔‘

جاوید شیخ کی عمر 70 برس ہے (فوٹو: یوٹیوب)

انہوں نے کہا کہ ’ڈائریکٹر نے مجھے کہا کہ سین کی ایک بار ریہرسل کرنی ہے عمران ہاشمی وہاں بیٹھے ہیں آئیے ریہرسل کر لیتے ہیں، جس پر میں نے جانے سے منع کر دیا اور کہا کہ عمران کو میرے پاس بلاؤ، ڈائریکٹر نے اسے بلایا اور ہم نے ریہرسل کی، فلم کی شوٹنگ کے دوران میں نے عمران ہاشمی سے کبھی بات نہیں کی اور نہ ہی کبھی اس کی طرف دیکھا۔‘

جاوید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ ’انڈیا کے دوسرے اداکار جیسے شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار بھی مجھے شیخ صاحب، شیخ صاحب کر کے بلاتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ جاوید شیخ نے عمران ہاشمی کے ساتھ سنہ 2008 میں فلم ’جنت‘ میں کام کیا تھا، مذکورہ فلم کے علاوہ بھی جاوید شیخ متعدد انڈین فلموں میں کام کر چکے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.