وفاقی وزرات داخلہ نے خیبر پختونخوا حکومت سے صوبے میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل نے سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا کو خط لکھ کر صوبے میں افغان طلبہ کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
خط کے مطابق نیشنل سیکیورٹی سیل غیر ملکیوں کا ڈیش بورڈ اَپ ڈیٹ کر رہا ہے، صوبے میں زیر تعلیم افغان طلباء کی تفصیل 27 مارچ تک ارسال کی جائے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے غیر قانونی، غیر ملکی اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا جن کے انخلا میں 07 دن باقی ہیں۔
پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 8 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ واپسی کا یہ سلسلہ جاری اور ساری ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا گیا ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ انخلا کے دوران کسی سے بدسلوکی نہیں کی جائے گی۔
حکومتِ پاکستان نے واپس جانے والوں کے لیے خوراک اور صحت کی سہولیات کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔