شوال کا چاند نظر آگیا، عید الفطر کل منائی جائے گی

image

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے شوال المکرم 1446 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، پاکستان میں عیدالفطر کل منائی جائے گی۔ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں مذہبی امور اور موسمیات کی وزارتوں کے حکام شریک تھے۔

اجلاس کے بعد مولانا عبدالخبیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا، کئی جگہوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن میں لاہور، قصور، اسلام آباد شامل ہیں، لہٰذا ملک بھر میں عیدالفطر کل بروز پیر 31 مارچ کو منائی جائے گی۔

اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملکی ترقی و استحکام اور ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی دعا کی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے پیر 31 مارچ سے بدھ 2 اپریل تک عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان کررکھا ہے۔

واضح رہے کہ آج سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، قطر، کویت، بحرین، یمن، فلسطین، افغانستان، برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک میں مسلمان آج عید الفطر منارہے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے اجتماع میں ہزاروں مقامی اور غیر ملکی زائرین نماز عید کے اجتماعات میں شریک ہوئے۔

پاکستان میں بوہری کمیونٹی بھی آج عید الفطر منا رہی ہے، جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں بھی عیدالفطر آج منائی جارہی ہے، اس کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ایمل ولی نے بھی آج سعودی عرب کے ساتھ عید منانے کا اعلان کر رکھا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.