پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
شہر قائد میں شوال کا چاند نظر آنے کی خوشی میں شہریوں نے ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مختلف افراد زخمی ہوگئے۔
ہوائی فائرنگ کے واقعات کراچی کے مختلف علاقوں لیاری، قصبہ کالونی، میانوالی کالونی، فرنٹیئر کالونی، ناظم آباد اور اورنگی ٹاؤن میں پیش آئے جس میں اب تک 12افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق صرف اورنگی ٹاؤن میں ہوائی فائرنگ کے واقعات سے 3 افراد زخمی ہوئے، 9 سالہ آسیہ، 35 سالہ نوشین اور 11 سالہ ارم نامعلوم سمیت سے آنے والی گولی کا شانہ بنے۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ قصبہ کالونی نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے بچی زخمی ہو گئی اور فرنٹیئر کالونی میں ایک شخص زخمی ہوا، اسی طرح حیدری اور میانوالی کالونی میں بھی نامعلوم سمت سے آنے والے گولی سے دو افراد زخمی ہوئے۔
علاوہ ازیں، ناظم آباد میں منصور نامی شخص اور بلدیہ قائم خانی کالونی میں 16 سالہ وحید زخمی ہوا۔
واضح رہے کہ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے شوال المکرم 1446 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا، پاکستان میں عیدالفطر کل منائی جائے گی۔