پاکستان وزیراعظم شہباز شریف 22 اپریل کو ترکیہ کے شہر انقرہ کا دورہ کریں گے۔پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے اور اس سے باہر کی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’دیرینہ اتحادیوں اور تزویراتی شراکت داروں کے طور پر پاکستان اور ترکیہ باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے غیرمعمولی رشتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔‘’دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تعاون اور ہم آہنگی کے لیے اعلیٰ سطح کی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کی شکل میں قیادت کی سطح کا طریقہ کار بھی تشکیل دیا ہے۔‘واضح رہے کہ اعلیٰ سطح کی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کا ساتواں اجلاس اس سال 12 اور 13 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔ صدر رجب طیب اردوغان اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس اجلاس کی مشترکہ صدارت کی تھی۔