امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’انڈیا اور پاکستان اپنے تعلقات خود ہی دیکھ لیں گے، وہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کو جانتے ہیں۔‘
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ اپنے سرکاری طیارے ایئرفورس ون میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔
امریکی صدر سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ انڈیا اور پاکستان کے رہنماؤں سے رابطہ کریں گے تو انہوں نے اس کا سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں فائرنگ کے واقعے میں سیاحوں سمیت 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد دونوں ممالک میں تعلقات سخت کشیدہ ہو گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان اور انڈیا میں صورت حال سخت کشیدہ ہے، لیکن یہ ہمیشہ ہی رہی ہے۔ دونوں ممالک کسی نہ کسی طرح اس کا حل نکال لیں گے۔‘
انڈیا اور پاکستان دونوں نے کشمیر کے علاقے پر دعویٰ کیا ہے، اور اس پر دو جنگیں بھی لڑ چکے ہیں۔
پہلگام حملے کے بعد جنوبی ایشیا کے ان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہو چکے ہیں، انڈیا نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے بھی انڈین ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے سمیت متعدد اقدامات کیے ہیں۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان تازہ کشیدگی کے تناظر میں جمعے کو انڈین سٹاک مارکیٹیں بدترین مندی کا شکار رہیں۔